کہا،حکومت جموںوکشمیرمیں صحت سہولیات کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہے
کولگام// وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے شہید ولی محمد اِیتو میموریل سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) ڈی ایچ پورہ میں نئے قائم کردہ ڈائلیسس یونٹ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بالخصوص دُور افتادہ اور دیہی علاقوں میں قابلِ رَسائی، سستی اور معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے ۔اُنہوںنے اِفتتاح کے بعد ہسپتال کے مختلف وارڈوں کا تفصیلی معائینہ کیا اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے مریضوں اور طبی عملے سے بات چیت کی اور فراہم کی جا رہی خدمات کے معیار کے بارے میں رائے حاصل کی۔وزیرصحت سکینہ اِیتو نے ہسپتال کے بنیادی ڈھانچے، عملے کی دستیابی، اَدویات اور طبی آلات کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔اُنہوں نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ خراب موسم کے پیش نظر اَدویات اور دیگر ضروری طبی سامان کا بفر سٹاک برقرار رکھا جائے۔اُنہوںنے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ مریضوں کی نگہداشت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور تمام سہولیات مکمل طور پر فعال رہیں۔ اُنہوں نے بالخصوص دُور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے مریضوں کے لئے ہمدردانہ خدمات اور بروقت طبی اِمداد کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ڈاکٹر جہانگیر بخشی، چیف میڈیکل آفیسر کولگام، بلاک میڈیکل آفیسر اور ضلع اِنتظامیہ و محکمہ صحت کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔وزیر سکینہ اِیتو نے اِفتتاحی تقریب کے موقعہ پر مقامی لوگوں سے بھی بات چیت کی اور اُن کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔اُنہوں نے مقامی اَفراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے طول و عرض میں صحت بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے جس میں دیہی اور دُور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔










