پی ایم دھن دھنیا کرشی یوجنا (پی ایم ڈِی ڈِی کے وائی) کے آغاز کے موقعہ پر کے وِی کے پومبے میں کسان کمیونٹی سے خطاب
کولگام// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ سکاسٹ ۔کے جیسے ادارے زرعی شعبے میں تحقیق اور اِختراع کو فروغ دینے میں اہم رول اَدا کرتے ہیں۔اِن باتوں کا اِظہار وزیر موصوفہ نے پومبے میں شیرِ کشمیر یونیورسٹی آف ایگری کلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر (سکاسٹ ۔کے) کے کرشی وگیان کیندر (کے وِی کے) کے زیر اہتمام وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پی ایم دھن دھنیا کرشی یوجنا (پی ایم ڈِی ڈِی کے وائی) کے آغاز کے لائیو ٹیلی کاسٹ کے موقعہ پر منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر سکینہ اِیتو نے اَپنے خطاب میں کہا کہ دیرپا زرعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے سائنسی اِداروں اور کسان کمیونٹی کے درمیان قریبی اِشتراک ناگزیر ہے۔اُنہوں نے کہا کہ زرعی اوراس سے منسلک شعبوں میں پیداواریت اور منافع کو بہتر بنانے کے لئے مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو مسلسل رہنمائی فراہم کریں اور اُنہیں جدید ٹیکنالوجی اور سائنسی علم سے آرستہ کریں تاکہ فصلوں میں بہتری لائی جا سکے۔وزیر موصوفہ نے کسانوں کو درپیش حالیہ مشکلات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خراب موسمی حالات اور قومی شاہراہ کی بندش کے باعث کسانوں کو بھاری نقصان اُٹھانا پڑا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین کو آگے آ کر رہنمائی کرنی چاہیے تاکہ کسان زیادہ پیداوار دینے والی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھلنے والی فصلیں کاشت کر سکیں۔کسان کمیونٹی کی بہتری میں شیرِ کشمیر شیخ محمد عبداللہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیر کشمیر کی زرعی اِصلاحات دُنیا بھر میں کسانوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے مشہور ہیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے زرعی ترقی پر حکومت کے مختلف اَقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اَب زیادہ تر خدمات آن لائن دستیاب ہیں، اس لئے یہ ضروری ہے کہ کسانوں میں ان سکیموں کے بارے میں مناسب بیداری اور سہولیت کاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ حکومتی منصوبوں سے بھرپور فائدہ اُٹھا سکیں۔ اُنہوں نے غریبوں اور پسماندہ طبقوں کی فلاح کے لئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات جیسے رُکے ہوئے منصوبوں کی بحالی اور شادی اِمداد سکیموں میں بہتری، پر بھی روشنی ڈالی۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت کسانوں کی خوشحالی اور معاشی آزادی کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے اپنے مشن میں ثابت قدم ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے ایس ٹی کمیونٹی کے اَرکان میںزرعی کِٹس بھی تقسیم کیں۔تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی دیوسر پیرزادہ فیروز احمد اور چیئرمین ڈِی ڈِی سی محمد افضل نے بھی خطاب کیا اور ضلع کے زرعی شعبے کو مضبوط بنانے کے لئے مختلف محکموں اور اِداروں کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ایکسٹینشن سکاسٹ کشمیر کے ڈاکٹر ریحانہ حبیب، سربراہ کے وی کے پومبے پروفیسر منظور احمد دیگر متعلقہ اَفسران، بڑی تعداد میں کسان اور مقامی لوگ بھی موجود تھے۔










