سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں ’’یونائیٹڈ کشمیری سکھ پروگریسو فورم‘‘ کے چیئرمین بلدیو سنگھ رینہ کی قیادت میں کشمیر کی سکھ برادری کے وفد سے ملاقات کی۔وفد جس میں مذہبی رہنمائوں ، سول سوسائٹی کے اراکین ، ماہرین تعلیم ، سکھ برادری کے پیشہ ور اَفراد شامل ہیں نے لیفٹیننٹ گورنر کو یوٹی میں رہنے والے سکھوں کے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کی جامع ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے وَفد کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو جلد اَز جلد حل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ سکھ مذہب لوگوں کو اِتحاد کے دھاگے میں باندھتا ہے اور کمیونٹی بے لوث ہو کر اِنسانیت کی خدمت کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد میں سکھ برادری کے لوگوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے پیش کردہ مطالبات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یوٹی اِنتظامیہ اِن کے حل کے لئے فوری اور مناسب کارروائی کرے گی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت یوٹی میں پنجابی زبان کے فروغ کے لئے منصوبہ بند طریقے سے کام کر رہی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیر مائیگرنٹ پورٹل کے حالیہ آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے وفد کے اَرکان سے کہا کہ کشمیری مائیگرنٹوں کو جو اَپنی آبائی سرزمین پر واپس آنا چاہتے ہیں لانے کے لئے ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں پائیدار اَمن کے قیام کے لئے مربوط نقطہ نظر اَپنائے ہوئے ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پر بات کرتے ہوئے وفد کے اراکین پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی کے نوجوانوں کو یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی مشن یوتھ کی مختلف سکیموں سے جوڑیں۔ اِس موقعہ پر مختلف اَضلاع سے سکھ برادریوں کے کئی نمائندوں نے بھی اَپنے خیالات کا اظہار کیا اور لیفٹیننٹ گورنر کو اَپنے مسائل اور خواہشات سے آگاہ کیا۔اِس قبل وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو 11نکاتی چار ٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔










