سڑکوں کی مرمت اور بحالی کیلئے نئے منصوبے شروع

وزیر اعظم سڑک یوجنا کے تحت20روز میں382 کروڑ روپے کی گرانٹ

سرینگر// جموں و کشمیر میں مالی سال 2024-25کے لیے مرکزی معاونت اسکیم’’ وزیر اعظم دیہی سڑک یوجنا کے تحت 382کروڑ روپے کے قریب فنڈز کی پیشگی منظوری دی گئی ہے۔ سرکار نے4 علیحدہ قسطوں میں ان رقومات کو واگزار کرنے کو ہری جھنڈی دکھائی ہے۔محکمہ تعمیرات عامہ کے سیکریٹری بھوپیند کمار کے مطابق مرکزی وزارت دیہی ترقی سے40کروڑ روپے کی ایک اور قسط موصول ہوئی ہے ۔ یہ رقم جموں و کشمیر دیہی سڑکوں کی ترقیاتی ایجنسی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسی اسکیم کے تحت پہلے ہی 102کروڈ77لاکھ98ہزار800روپے کی رقم موصول ہوئی ہے اور137کروڑ25لاکھ3ہزار800روپے کے علاوہ102کروڑ72لاکھ9ہزار400روپے رقم کی ایک اور قسط سال2024-25میں بروائے کار لانے کیلئے پیشگی واگزاری کیلئے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر فراہم کی گئی ہے۔مجموعی طور پر، حکومت نے پی ایم جی ایس وائی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کے لیے 382 کروڑ74لاکھ93ہزار روپے کی رقم منظور کی ہے۔جموں کشمیر میں سال2024-25میں اگست کے اختتام تک266کلو میٹر سڑکوں کو مکمل کیا گیا ہے جبکہ اس اسکیم کے تحت رواں مالی سال میں قریب3300کروڑ روپے کے مالیت کے ٹینڈروں کو مشتہر بھی کیا گیا ہے۔ان سڑکوں میں چھوٹی سڑکیں اور گزرگاہیںبھی شامل ہیں۔ مرکزی دیہی وزارت نے پہلے ہی امسال اس اسکیم کے تحت134کلو میٹروں پر مشتمل12سڑکوں کی تجدید و توسیع اور پلوں کے پروجیکٹ کیلئے152.30کروڑ روپے کو بھی پہلے منظوری دی ہے۔سیکریٹری تعمیرات عامہ کے مطابق یہ فنڈز صرف اسی مقصد کے لیے استعمال کیے جائیں گے جس کے لیے یہ واگزار کیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر مالیات،محکمہ تعمیرات عامہ کو یہ یقینی بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے کہ متعلقہ اکاؤنٹ کے تحت فنڈز کی دستیابی موجود ہو اور تمام قانونی ضروریات پوری کی جائیں۔ ان رقومات کو صرف کرنے کیلئے گائڈ لائنز بھی جاری کی گئی ہے جن میں’’کسی بھی پیشگی ادائیگی کو مناسب طور پر محفوظ کیا جائے اور اصل ادائیگی جاری کرنے سے پہلے اس کی ضمانت دی جائے‘‘ شامل ۔ متعلقہ کام کے آغاز سے پہلے تکنیکی منظوری یا انتظامی منظوری کی حصولیابی کو لازمی قرار دیا گیا ہے ، جبکہ رقومات کو خرچ کرنے کیلئے متعلقہ وزارت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق انجام دینے سے مشروط رکھا گیا ہے۔حکومت نے پی ایم جی ایس وائی اسکیم کے تحت عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے سڑکوں کی مستقل بحالی اور مرمت کے منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ اس سلسلے میں متعدد اہم سڑکوں کی بحالی کے لیے کام شروع کیا جائے گا۔ جموں میں اس اس اسکیم کے تحت نئے منصوبوں میں ،دیوَال سے ٹاڈی، اچھا پنڈ سے ٹرپر، چسّانہ سے کلابان، بدھن سے لینچا،شاجرو سے چکراس، اور کْنڈ سے چیرا ل کی سڑکوں کی مستقل بحالی شامل ہے۔اس کے علاوہ، پیرنیا سے پہلپورہ تک سڑک کی مرمت اور دیکھ بھال بھی کی جائے گی، جو دفاعی ذمہ داری کی معیادکے بعد کی جائے گی۔کھنموہ چک سے سنگری تک سڑک کی بحالی کا کام بھی جاری رہے گا۔ بالی نی سے کٹل باتل اور کوتلی مجرا سے متھور کی سڑکوں پرمیکڈمائزیشن کی جائے گی۔یہ اقدامات عوامی سہولیات کو بہتر بنانے اور سڑکوں کے معیار کو بلند کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ حکومت نے عوام کی سہولت کے لیے ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر عمل میں لانے کا عزم کیا ہے۔حکومت دیہی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور خطے میں رابطے کو بڑھانے کے لیے اپنی عزم کا اظہار کرتی ہے۔