سری نگر//سپیکر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھرنے کہا کہ ممبر اسمبلی جاوید مرچال سے متعلق آن لائن شیئر کئے گئے گمراہ کن ویڈیو کے معاملے پر قصوروار کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔سپیکر کا یہ بیان اس وقت آیا جب ایم ایل اے جاوید مرچال نے مسئلہ اُٹھایا اور وضاحت کی کہ ان کی ایک ویڈیو جو گزشتہ روز شیئر کی گئی ایک ویڈیو گمراہ کن اور سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی تھی۔جاوید مرچال نے سیشن شروع ہوتے ہی کہا،’’ویڈیو سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کی گئی۔ مجھے آن لائن ہراسانی کی وجہ سے پوری رات نیند نہیں آئی۔ میں چاہتا ہوں کہ اس میں ملوث اَفراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے جنہوں نے میری ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غلط ویڈیو پھیلانے والے نیوز آؤٹ لیٹ کے خلاف کاررِوائی کی جائے۔ اُنہوں نے میڈیا افراد سے ذمہ دارانہ رویۂ اَپنانے اور حقائق پر مبنی معلومات پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ صحافت کی آزادی کو فرض اور جوابدہی کے احساس کے ساتھ استعمال کیا جانا چاہیے۔رُکن قانون ساز اسمبلی نذیر احمد خان نے مطالبہ کیا کہ نیوز پورٹل کے خلاف تحریک استحقاق پیش کی جائے کیوں کہ اس نے قانون ساز کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات ایوان کی وقار کو کم کرتے ہیں اور قصوروار کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ممبر اسمبلی نظام الدین بٹ نے کہا کہ لاپرواہ اور غیر ذمہ دار میڈیا معاشرے کے لئے سنگین خطرہ ہے اور صحافت کی بنیاد حقائق اور اخلاقیات پر ہونی چاہیے۔ اُنہوں نے میڈیا اِداروں سے پیشہ ورانہ دیانتداری اور ذِمہ دارانہ رویۂ اَپنانے کا مطالبہ کیا۔










