سپیکر نے قانون ساز اسمبلی کی کاررِوائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی

سری نگر//سپیکر عبدالرحیم راتھرنے جمعہ کو جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی کارروائی کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ سپیکر موصوف نے اَپنے اختتامی کلمات میں سیشن کو مزید نتیجہ خیز اور بامتنی بنانے میں تعاون کرنے پر ایوان کے اراکین کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے سیشن کو بے مثال قرار دیا اور کہا کہ زیادہ تر وقت عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے کے لئے وقف کیا گیا۔عبدالرحیم راتھر نے کہا،’’یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ تمام اراکین نے اپنے حلقوں کے مخصوص مسائل اُٹھانے کی کوشش کی۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا کہ سسٹم کو زیادہ جامع اور شراکتی بنانے کی کوششیں کی گئی ہیں۔اُنہوں نے چیف سیکرٹری، مختلف محکموںبشمول اِنفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، دُوردرشن، آل اِنڈیا ریڈیو اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے تعاون کو سراہا جس سے سیشن کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کامیابی سے مکمل کیا جا سکا۔سپیکر موصوف نے کہا کہ اُنہوں نے تمام اراکین کو موضوعاتی اور غیرجانبدارانہ انداز میں بحث میں شامل کرنے کی کوشش کی۔اُنہوں نے اراکین پر زور دیا کہ وہ لوگوںکی توقعات پر پورا اُترنے کے لئے اَپنی محنت جاری رکھیں۔