ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور عوامی وفود سے ملاقات کی
بڈگام//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے ضلع بڈگام کے چرارِ شریف اسمبلی حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا۔سپیکر موصوف نے دورے کے دوران مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار و معیار کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے کام کی رفتار میں سرعت لانے پر زور دیا۔سپیکر نے عوامی رابطہ مہم کے تحت کارگوم اور پالپورہ میں عوامی ملاقات پروگراموں کا اِنعقاد کیا جن میں اُنہوں نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و مطالبات سنے۔مقامی لوگوں نے سپیکر کے دورے کی ستائش کی اور بنیادی ڈھانچے، عوامی خدمات اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل اُٹھائے۔سپیکر موصوف نے متعلقہ افسران اور محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ بروقت خدمات کی فراہمی اور مؤثر شکایات اَزالے کے طریقۂ کار کو یقینی بنائیں۔اُنہوں نے نچلی سطح پر لوگوںتک رَسائی کے لئے جوابدہ طرزِ حکمرانی کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر سپیکر نے کہا،’’حکومت لوگوںکو اُن کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے پُر عزم ہے ۔میں نے ذاتی طور پر ان علاقوں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ان لوگوں کی بات سنی جاسکے جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ہمارا مقصد ضلعی اِنتظامیہ کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی ضروریات کو براہ راست سمجھنا اور ان کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔‘‘اُنہوں نے جامع ترقی اور شہری مرکزیت پر مبنی حکمرانی کے عزم کا اعادہ کیا اور مؤثر اِنتظامیہ کے لئے زمینی سطح پر رابطے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔










