سپیکر قانون ساز اسمبلی نے پکھر پورہ کا دورہ کر کے زیارت گاہ کے سالانہ عرس کے اِنتظامات کاجائزہ لیا

سپیکر قانون ساز اسمبلی نے پکھر پورہ کا دورہ کر کے زیارت گاہ کے سالانہ عرس کے اِنتظامات کاجائزہ لیا

بڈگام//سپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے پکھرپورہ زیارت گاہ کا دورہ کر کے آئندہ سالانہ عرس کے لئے جاری تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر سپیکر موصوف نے مقامی باشندوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور زیارت گاہ انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل اور مطالبات سنے۔مقامی لوگوںنے عرس کی پُرامن اوراحسن اِنعقاد کے لئے متعدد مطالبات پیش کئے جن میں بلا تعطل بجلی، مناسب پانی کی فراہمی، بروقت راشن کی تقسیم اور بڈگام، پلوامہ اور چرارِ شریف جیسے بڑے مقامات سے پکھرپورہ زیارت گاہ تک مؤثر ٹرانسپورٹ سہولیات شامل تھیں۔سپیکرعبدالرحیم راتھر نے تمام شکایات کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ عرس سے قبل تمام ضروری اِنتظامات مکمل کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ عرس کے ایّام کے دوران عقیدت مندوںکو کسی قسم کی دشواری نہ ہو، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بجلی، پانی اور راشن کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ وقار اور مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ مذہبی تقریبات کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پکھر پورہ زیارت گاہ پر پُرامن اور روحانی طور پر بھرپور عرس کو یقینی بنانے کے لئے تمام عوامی شکایات کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔مقامی باشندوں نے عرس کے سلسلے میں کئے جانے والے انتظامات پر سپیکر اور ضلعی انتظامیہ کے فعال کردار پر شکریہ ادا کیا۔سپیکر موصوف کے ہمراہ سی ای او یوسمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ایس ڈی ایم چرارِ شریف، بی ایم او، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ، اے آر ٹی او بڈگام اور دیگر سینئر افسران بھی تھے۔