Speaker Legislative Assembly, Education Minister conduct extensive tour of Chrar-i- Sharief constituency

سپیکر قانون ساز اسمبلی اور وزیر تعلیم نے حلقہ چرارِ شریف کا تفصیلی دورہ کیا

جی ڈی سی چرار شریف میں بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں کا افتتاح

بڈگام//سپیکر جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے وزیربرائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو کے ساتھ ضلع بڈگام کے چرار شریف حلقہ کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران سپیکر اور وزیرموصوفہ نے بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اُنہوں نے حلقے میں صحت کی متعدد سہولیات کا بھی معائینہ کیا اورلوگوںکے لئے دستیاب صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرسپیکر اور وزیر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اکشے لابرو،ناظم سکولی تعلیم، ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈائریکٹر کالجز جموں و کشمیر، مختلف محکموں کے سربراہان، ضلعی افسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔سپیکر اور وزیر نے جی ڈی سی چرار شریف میں 2.28 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ انڈور سپورٹس کمپلیکس اور گورنمنٹ ڈِگری کالج چرار شریف میں 97 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ لائبریری بلاک کی توسیع کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے کالج کے احاطے کا بھی چکر بھی لگایا اور کالج کے کلاس روموں اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا۔ انہوں نے طالب علموںکے ساتھ بھی بات چیت کی اور ان سے ادارے میں فراہم کی جانے والی تعلیمی معیار کے بارے میں موقعہ پر اُن سے فیڈ بیک لیا۔سپیکر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے ایک اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہماری آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی تعمیر میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے اور تعلیم میں سرمایہ کاری کرکے ہم اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔اُنہوں نے طلاب پر زور دیا کہ وہ اس نئے افتتاح شدہ لائبریری بلاک کا بہترین اِستعمال کریں۔ اُنہوں نے چرارِ شریف کے طلبأ اور مقامی لوگوں پر بھی زور دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں کیوں کہ آج کی دنیا میںکھیل ایک اہم پیشہ کے طور پر اُبھر رہا ہے۔اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں ہماری حکومت عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ ہر شہری، چاہے وہ کہیں بھی رہتا ہو، اسے ایسے مواقع تک رسائی حاصل ہو جو ان کی خوشحالی اور ترقی کا باعث بنیں۔‘‘اس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کالج کے پرنسپل اور فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ کالج میں طلبہ کے رول میں کمی کی وجوہات کو دور کریں۔ اُنہوں نے طلاب کو مشورہ دیا کہ وہ اِفتتاح شدہ لائبریری بلاک اوراِنڈورسپورٹس کی سہولیت سے بہترین فائدہ اٹھائیں۔سکینہ ایتو نے ڈائریکٹر کالجز سے بھی کہا کہ وہ ادارے کو کالج بس فراہم کرنے کی فزیبلٹی پر بھی غور کریں کیونکہ کئی دُور دراز علاقوں سے طالب علم آتے ہیں۔اُنہوں نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو طلبأ کی فلاح و بہبود کے لئے کالج کے احاطے میں فرسٹ ایڈ یونٹ قائم کرنے کے لئے بھی کہا۔وزیر موصوفہ نے اپنے خطاب میں کالج انتظامیہ ، طلبأ اور عوام کو یقین دلایا کہ بات چیت کے دوران اُٹھائے گئے مسائل کو متعلقہ حلقوں کی طرف سے فوری طور پر حل کیا جائے گا۔بعد میں سپیکر موصوف نے وزیر کے ہمراہ ایس ڈی ایچ چرارِ شریف اور ایس ڈی ایچ پکھرپورہ کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کے لئے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے سہولیات کے مختلف وارڈوں کا معائینہ کیا اور اس موقعہ پر ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس سے بھی استفساری گفتگو کی۔اُنہوں نے مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے بھی بات چیت کی اور اُن سے فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔