کربلا ہائوس جموں کا دورہ کر کے سوگوار کنبے سے تعزیت کی
جموں//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبد الرحیم راتھرنے سابق وزیر اور رُکن اسمبلی قمر علی آخون کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ۔اُنہوںکہا کہ آخون ایک باعزت رہنما اور قابل ایڈمنسٹریٹر تھے جنہوں نے جمو ںوکشمیر بالخصوص کرگل کے عوام کی بھلائی اور فلاح و بہبود کے لئے پُر عز م تھے۔ عبدالرحیم راتھر نے قمر علی آخون کے ساتھ اَپنی طویل وابستگی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان گہرے تعلقات اور مضبوط رشتے تھے ۔ اُنہوں نے انہیں ایک عوامی سیاست دان قرار دیا جو عوام سے جڑا ہوا تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ عملی ، شائستہ ، حقیقت پسندانہ ، مخلص اور دور اندیش رہنما تھے۔اُنہوںنے یہ بھی کہا کہ قمر علی آخون ایک مکمل سیاسی منتظم تھے جنہوں نے لداخ خطہ کی ترقی اور غریب و پسماندہ اَفراد کی بہتری کے لئے اہم کردار اَدا کیا۔ سپیکرموصوف نے کہا کہ قمر علی آخون ایک محنتی عوامی شخصیت اور قابل رکن اسمبلی تھے جنہوں نے بالخصوص کرگل خطے کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے انتھک محنت کی۔اُنہوں نے مزید کہا،’’ان کا اِنتقال عوا م کے لئے ایک بڑا نقصان ہے اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا پُرکرنا بہت مشکل ہوگا۔‘‘سپیکر نے کربلا ہاؤس جموں کا دورہ کیا جہاں میت کو رکھا گیا اور سوگوار کنبے سے دِلی اِظہار تعزیت کی اور اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر کے لئے دعا کی۔










