سری نگر//سپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے قانون ساز ہوسٹل سری نگر کا اچانک معائینہ کیا تاکہ قانون سازوں کی سہولیت کے لئے ہوسٹل میںجاری ترقیاتی اور اَپ گریڈیشن کے تمام کاموں کا اَز خود جائزہ لیا جاسکے۔سپیکر موصوف کے ہمراہ سیکرٹری قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا، مختلف شعبوں کے ایگزیکٹیو انجینئران، اسمبلی سیکرٹریٹ کے سینئر افسران اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے ہوسٹل کے نئے بلاک کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور اُنہوں نے وہاںسول ورک، انفراسٹرکچر میں بہتری اور دیگر سہولیات کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے متعلقہ عمل آوری ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ کام کے معیار کو برقرار رکھیں اورمقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کریں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی وسائل کو مؤثر طریقے سے اِستعمال کیا جائے اور کام اس انداز میں مکمل ہوں جو معیار اور دیرپائی کا عکاس ہو۔سپیکر نے حالیہ آگ لگنے کے واقعے میں متاثرہ کمروں کی فوری مرمت کی بھی ہدایت دی۔اُنہوں نے 2014 کے سیلاب کے دوران متاثرہ احاطہ دیوار کی تعمیر نو میں سست روی پر برہمی کا اِظہار کیا اور اس کی عدم تکمیل کا سخت نوٹس لیا۔ بعد میں سپیکر موصوف نے قانون ساز ہوسٹل کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک مختصر میٹنگ کی صدارت بھی کی۔اُنہوں نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ہوسٹل اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ہوسٹل کی مناسب دیکھ ریکھ، باقاعدہ مرمت اور جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ ارکانِ اسمبلی کی موجودہ ضروریات پوری کی جا سکیں۔ اُنہوں نے کہا،’’ اَرکان قانون ساز جمہوریت اور عوام کا آئینہ ہے اور انہیں وہ سہولیات مہیا کی جانی چاہئیں جو ان کی عزت و وقار کے شایانِ شان ہوں۔‘‘عبدالرحیم راتھر نے مزید کہا کہ ہوسٹل کے نظام میں بہتری نہ صرف اراکین کو فائدہ دے گی بلکہ اس ادارے کے وقار میں بھی اضافہ کرے گی جس کی وہ نمائندگی کرتے ہیں۔دریں اثنا، اُنہوں نے ہوسٹل ملازمین کے مختلف مسائل کا بھی جائزہ لیا۔سپیکر موصوف نے اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کو ہدایت دی کہ اہل عملے کے ڈِی پی سی میٹنگ بروقت منعقد کی جائیں۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ ہوسٹل میں مناسب نظم و ضبط برقرار رکھیں اور عملے کے لئے مناسب یونیفارم کوڈ کو یقینی بنائیں۔










