سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی نے بجٹ سیشن سے قبل میڈیا نمائندگان سے بات چیت کی

سپیکر جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی نے بجٹ سیشن سے قبل میڈیا نمائندگان سے بات چیت کی

ایوان کی کارروائی کی احسن اور ذمہ دارانہ کو ریج پر زور دیا

جموں//سپیکرجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھرنے اسمبلی سیکرٹریٹ جموں میں مختلف خبر رَساں کے میڈیا نمائندگان کے ساتھ میٹنگ کی تاکہ 2؍فروری 2026ء سے شروع ہونے والے آئندہ اسمبلی سیشن کی احسن اور مؤثر کوریج کو آسان بنایا جا سکے۔اِس میٹنگ کا مقصد بہتر ہم آہنگی پیدا کرنا اور ایوان کی کارروائی کی شفاف، درست اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنانا تھا۔ دوران میٹنگ سپیکرموصوف نے جمہوری اِداروں کو مضبوط بنانے اور عوام کو قانون سازی کے امور سے آگاہ رکھنے میں میڈیا کے اہم کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے ایوان کے وقار، سنجیدگی اور روایات کو برقرار رکھتے ہوئے احسن کوریج کے لئے چیئراور میڈیا کے درمیان باہمی تعاون کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہا کہ میڈیا عوام اور مقننہ کے درمیان ایک اہم پُل کا کام کرتا ہے جو شہریوں کو پالیسیوں، مباحثوں اور فیصلوں سے آگاہ رکھتا ہے جو جموں و کشمیر میں حکمرانی کو تشکیل دیتے ہیں۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے عوامی مسائل کو اُجاگر کرنے میں میڈیا کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے میڈیا ہائوسز سے سیشن کی متوازن اور ذمہ دارانہ کوریج کے لئے تعاون طلب کیا۔ اُنہوں نے قانون سازی کے مباحثوں میں شفافیت اور عوامی بیداری کو یقینی بنانے میں صحافیوں کے اہم کردار پر زور دیا اور اُنہیں مشورہ دیا کہ وہ اَپنی پیشہ ورانہ ذِمہ داریوں کو نبھاتے وقت عوامی مفادات کو اوّلین ترجیح دیں۔اُنہوں نے میڈیا پیشہ ور افراد سے متعلق مختلف مسائل پر بات کی اور آئندہ سیشن کے دوران ان کے کام کرنے کے ماحول کو بہتر بنانے کے لئے اِضافی ضروریات کی نشاندہی کی۔ مباحثوں میں میڈیا نمائندگان کے لئے اسمبلی کمپلیکس میں بغیر رکاوٹ داخلے اور سیشن کے احسن کوریج کی سہولیت یقینی بنانے پر بھی توجہ دی گئی۔سپیکرموصوف نے میڈیا کو بتایا کہ نئی قانون ساز اسمبلی کمپلیکس پر زیر اِلتوأکام جلد شروع کیا جائے گا اور 18 ماہ کے اندر مکمل کیاجائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اسمبلی سیشن میں کاغذی کام کو کم کرنے کے لئے نیشنل اِی۔ودھان ایپلی کیشن (این اِی وِی اے) جزوی طور پر متعارف کی جائے گی اور اگلے سیشن میں مکمل طور پر عملایاجائے گا۔اُنہوں نے میڈیا نمائندگان کے اِنتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے صحافیوں کی سہولیت کے لئے ضروری اقدامات کرنے پر زور دیا اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کو ہدایت دی کہ محکمہ اطلاعات کے تعاون سے صحافیوں کے انٹری پاسز بروقت تیار اور جاری کئے جائیں تاکہ اُنہیں بغیر رُکاوٹ اسمبلی کمپلیکس میں داخل ہونے میں آسانی ہو۔
سپیکر عبدالرحیم راتھر نے میڈیا کی رسائی کو بڑھانے کے لئے محکمہ اطلاعات کو ہدایت دی کہ اسمبلی ہال میں مناسب تعداد میں مائیکروفون اور پبلک ایڈریس سسٹمز (پی اے ایس) نصب کئے جائیں تاکہ وزرأ ، اراکین اسمبلی اور صحافیوں کے درمیان ہموار بات چیت ممکن ہو۔اُنہوںنے محکمہ مہمان نوازی و خاطر تواضع کو ہدایت دی کہ ایم ایل اے اور وزرأکے لئے پریس بریفنگ اور انٹرویوز کے لئے شامیانہ نصب کیا جائے۔اُنہوں نے ایس ایس پی سیکورٹی، سول سیکرٹریٹ کو بھی ہدایت دی کہ میڈیا نمائندگان کے لئے بغیر رُکاوٹ داخلے اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے قریب مناسب پارکنگ کا انتظام یقینی بنایا جائے۔ محکمہ آئی ٹی کو ہدایت دی گئی کہ اعلیٰ رفتار وائی فائی اور اِنٹرنیٹ سروسز فراہم کی جائیں تاکہ سیشن کے دوران میڈیا نمائندگان، قانون ساز اور ملازمین کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ دوران میٹنگ سپیکر موصوف نے صحافیوں سے قانون ساز امور کی کوریج اور میڈیا کے ساتھ رابطے میں بہتری کے لئے تعمیری تجاویز بھی طلب کیں۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان نے سپیکر کے فعال انداز کو سراہا اور میڈیا اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے درمیان رَسائی اور رابطے کو بہتر بنانے کے لئے قیمتی تجاویز پیش کیں۔اُنہوں نے پارکنگ سپیس، داخلے کے پاسز، احسن کوریج کے لئے ہائی سپیڈ وائی فائی اور دیگر لاجسٹیکل سپورٹ کے اہم مسائل اُجاگر کئے۔سپیکر موصوف نے میڈیا نمائندگان کی طرف سے اُٹھائے گئے خدشات کے جواب میں اُنہیںیقین دلایا کہ اُجاگر کئے گئے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا اور اسمبلی سیکرٹریٹ میڈیا نمائندگان کے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینے کے لئے سازگارماحول کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر اِنفارمیشن نتیش راجورا، سیکرٹری جے کے ایل اے منوج کمار پنڈتا، ایس ایس پی سول سیکرٹریٹ سیکورٹی سجاد بٹ، ایس ایس پی ٹریفک امیت بھیسن کے علاوہ سینئر صحافی، بیورو چیف، نمائندگان، آل اِنڈیا ریڈیو، دُوردرشن اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔