اسمبلی کے نتیجہ خیز سیشن کیلئے جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پر زور
جموں//سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھرنے سول سیکرٹریٹ جموں میں بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) اور آل پارٹی نمائندوں کی ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ایجنڈے کو حتمی شکل دینے، تال میل کو یقینی بنانے اور آئندہ بجٹ سیشن کی تیاری پر توجہ مرکوز کی گئی، جو 2 ؍فروری 2026 ء سے شروع ہونے والا ہے۔اِس کمیٹی میں علی محمد ساگر، مُبارک گُل، محمد یوسف تاریگامی، سرجیت سنگھ سلاتھیہ، غلام احمد میر، میر محمد فیاض اور چودھری محمد اکرم سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے اہم اَرکان شامل ہیں۔ اراکین نے موجودہ اسمبلی بجٹ سیشن کو مزید نتیجہ خیز اور عوام کے مفاد میں بنانے کے لئے اَپنی قیمتی تجاویز دیں۔میٹنگ کے شروعات میں سپیکر نے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے ہر رُکن کے لئے لازمی ہے کہ وہ اَپنی پارٹی کی وابستگی سے قطع نظر ایوان کے کام کاج کو یقینی بنائے۔سپیکرموصوف نے زور دیا کہ اراکین کو اپنے حلقوں کی نمائندگی ایمانداری سے کرنی چاہیے، اہم عوامی مسائل کو اُٹھائیں اور حکومت کی طرف سے اُن کے ازالے کی خاطر انہیں درپیش مسائل کو اُجاگر کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اراکین کو صحت مند مباحثے اور گفت و شنید کرنی چاہیے جو جمہوریت کی روح ہے لیکن ساتھ ہی انہیں نظم و ضبط کو بھی سختی سے برقرار رکھنا چاہیے اور کسی بھی خلفشار اور بے نظمی کی حوصلہ افزائی نہیں کرنی چاہیے جس سے ایوان کا وقار مجروح ہو۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کارروائیوں پر عوام کی نظر ہوتی ہے اور کسی بھی غیر ذمہ دارانہ رویے سے غلط پیغام جائے گا، اس لئے اراکین کو پورے معاشرے کے لئے رول ماڈل بننا چاہیے۔
سپیکرموصوف نے اِس بات پر زور دیا کہ اراکین کوچاہیے کہ وہ وقفہ سوالات میں خلل نہ ڈالیں کیونکہ یہ عوامی مسائل اٹھانے اور حکومت کو جوابدہ بنانے کا سب سے اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔اُنہوں نے پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ جماعتوں کے اراکین کو مشورہ دیں تاکہ وقفہ سوالات بغیر کسی رُکاوٹ کے بخوبی چل سکے،عوام کے مسائل ایوان کے فلور پر اُٹھائے جا سکیں اور زیادہ سے زیادہ سوالات کے زبانی جوابات لئے جا سکیں۔اراکین نے موجودہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کو زیادہ نتیجہ خیز اور عوام کے سب سے بڑے مفاد میں بنانے کے لئے قیمتی تجاویز بھی دیں۔ اُنہوں نے سیکرٹریٹ کیمپس میں پارکنگ کی سہولیتوں، لابی اور کینٹین میں داخلے کی پابندی جیسے مسائل اُٹھائے جو صرف اراکین کے لئے مخصوص ہیں۔سپیکر عبدالرحیم راتھر نے اراکین کو یقین دلایا کہ متعلقہ محکموں کو پہلے ہی ضروری ہدایات دی گئی ہیں تاکہ ان کے لئے مناسب اِنتظامات کئے جائیں۔اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کے مرکزی داخلی دروازے پر اراکین کے لئے میڈیا سے بات چیت اور اِنٹرویو کے لئے مختص کیا گیا ہے اور لابی اور سینٹرل ہال ائیریا صرف اراکین کے لئے مخصوص ہوگا۔میٹنگ سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈت اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔










