سری نگر//سیکرٹری اِمداد باہمی یشامدگل نے جموں وکشمیر میں کوآپریٹیو سپر بازاروں کے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے روڈ میپ تیار کرنے کے لئے اَفسروں پر زور دیا۔اُنہوں نے اَفسران سے کاروباری اِداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے کہا۔اِن خیالات کا اِظہار سیکرٹری جموںوکشمیرکے کوآپریٹیو سپر بازاروں کے کام کاجائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ کے دوران کر رہی تھیں۔ میٹنگ میں رجسٹرار کوآپریٹیو ز، ایڈیشنل رجسٹرار کوآپریٹیو ز جموں، ڈپٹی رجسٹرارز ، اسسٹنٹ رجسٹرارز ، جنرل منیجرز اور محکمہ کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔یشا مدگل نے اَفسران پر زوردیا کہ وہ ان سپر بازاروں کی تزئین و آرائش کے لئے فنڈس جاری کرے۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ آئی ٹی ٹولز کا اِستعمال کر کے ان کوآپریٹیو سٹوروں کے کاوبار کو بحال کریں۔ اُنہوں نے ان سے خاللیل جگہوں کو بہتر طریقے سے اِستعمال کرنے کو کہا کیوں کہ یہ سب جموں وکشمیر کے بڑے شہروں اور قصبوں میں اہم مقامات پر ہیں۔سیکرٹری نے اَفسران سے کہا کہ وہ ان سٹوروں کے احاطے کو حفظان صحت اور پُرکشش بنائیں تاکہ لوگ سپر بازاروں میں جانے کو ترجیح دیں۔انہوں نے ان سے جی ایم پورٹل پر تمام سپر بازاروں کو اندراج کرنے کو کہا تاکہ وہ سرکاری دفاتر اور دیگر تنظیموں کے ساتھ محفوظ کاروبار کرسکیں۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت دی کہ وہ ان سپر بازاروں کے سیلز عملے کی تربیت دیں تاکہ وہ صارفین کی بہتر خدمت کرسکے۔سیکرٹری نے اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ سکین شدہ فائلوں کو سٹوروں پر بھیجیں اور دفتروں میں ناقابل استعمال اشیاء کو نیلا م کریں۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ اس کام کو ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ اِنتظامی معائینہ اس کے بعد کیا جائے ۔سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ یوٹی میں سات سپر بازار ہیں جنہوں نے گزشتہ مالی برس کے دوران تقریبا ً 3038.44لاکھ روپے کا مجموعی کاروبار کیا ہے ۔ اِس عرصے کے دوران 52.93لاکھ روپے کا منافع ہوا ہے۔بعد میں سیکرٹری نے متعدد کوآپریٹو اداروں کا دورہ کیا جن میں سپر بازار سری نگر ، کشمیر کوآپریٹو پرنٹنگ پریس ، ایکسچینج روڈ اور جیکفیڈ کا گیس گودام کرسو ، پادشاہ باغ شامل ہیں۔










