سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن نے سی جے آئی کو لکھا خط، سپریم کورٹ احاطہ میں 2 اہم ہستیوں کا مجسمہ لگانے کی گزارش

سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن نے چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں سپریم کورٹ احاطہ میں ملک کے پہلے صدر اور پہلے چیف جسٹس کا مجسمہ نصب کرنے سے متعلق عرضداشت پر غور کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔اس تعلق سے سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سکریٹری روہت پانڈے نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 26 اپریل کو لکھا گیا خط موجودہ چیف جسٹس کے نوٹس میں ملک کے پہلے صدر راجندر پرساد اور پہلے جج جسٹس ایچ جے کانیا کا مجسمہ نصب کرنے کی تجویز لانے کے لیے ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ مجسمے دو انتہائی اہم ہستیوں کے لیے سچی خراج عقیدت کی شکل میں کام کریں گے اور انھیں دروازہ ’سی‘ اور ’ڈی‘ کے پاس نصب کرنے کی تجویز ہے جہاں چھوٹے پارک کے آرائش کا کام چل رہا ہے۔‘‘اس خط میں سپریم کورٹ سے بار ایسو سی ایشن نے گزارش کی ہے کہ مذکورہ دو شخصیات کا مجسمہ نصب کرنے سے متعلق ہدایت جاری کی جائے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ ’’سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی طرف سے میں عزت مآب کا شکرگزار رہوں گا اگر آپ اس گزارش پر غور کر سکیں اور بتائے گئے پارک میں مذکورہ مجسمے نصب کرنے کا امکان تلاش کرنے کے لیے متعلقہ محکمہ کو ضروری ہدایت جاری کر سکیں۔‘‘