این جی ٹی احکامات کے تحت ویسٹ مینجمنٹ قواعد پر فوری عمل درآمد
سرینگر// یو این ایس//سونہ مرگ ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اپنے دائرہ? اختیار میں نیشنل گرین ٹریبونل کی ہدایات اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک سرکلر جاری کیا ہے، جس کے تحت کچرے کے غلط تصرف اور ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یو این ایس کے مطابق سرکیولر میں واضح کیا گیا ہے کہ سڑکوں، کھلی جگہوں، آبی ذخائر اور سیاحتی مقامات پر میونسپل ٹھوس کچرا پھینکنا، کوڑا کرکٹ بکھیرنا یا غیر سائنسی طریقے سے تلف کرنا، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ رولز، پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ رولز اور انوائرمنٹ پروٹیکشن ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے۔اتھارٹی نے تمام ہوٹل مالکان، گیسٹ ہاؤسز، ریسٹورنٹ آپریٹرز، دکانداروں، مقامی دیہاتیوں، مرکبانوں، ٹینٹ آپریٹروں، ٹور آپریٹروں، آؤٹ سورسڈ ایجنسیوں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ کچرے کی چار سطحی علیحدگی کو لازمی بنایا جائے، جس میں گیلا کچرا، خشک کچرا، گھریلو خطرناک فضلہ اور سینیٹری ویسٹ شامل ہے۔ کچرے کو آپس میں ملانا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔سرکیولرکے مطابق سڑک کناروں، نالیوں، جنگلات، دریائی کناروں اور عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ ٹھوس یا پلاسٹک کچرا جلانے پر بھی پابندی ہوگی۔ تمام اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ علیحدہ کیا گیا کچرا صرف مجاز ایجنسی کے حوالے کریں، جو اسے سربل سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ تک منتقل کرے گی۔ کسی بھی غیر مجاز مقام پر کچرا تلف کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اتھارٹی نے مزید ہدایت دی ہے کہ تمام تجارتی و رہائشی مقامات کے اندر اور باہر مناسب تعداد میں ڈھکن دار ڈسٹ بن نصب کیے جائیں، جبکہ ممنوعہ سنگل یوز پلاسٹک اشیاء کے ذخیرے اور تقسیم پر بھی مکمل پابندی عائد رہے گی۔ قواعد کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی اور نفاذی مہمات چلائی جائیں گی۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں ماحولیاتی معاوضہ، موقع پر جرمانہ، اداروں کو سیل کرنا، رجسٹریشن منسوخ کرنا اور قانونی کارروائی شامل ہو سکتی ہے۔یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل قرار دیے گئے ہیں۔سونہ مرگ، جو گاندربل میں واقع ایک اہم سیاحتی مقام ہے، وہاں ماحولیاتی تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے اس اقدام کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔










