سرینگر //سونہ مرگ میں رات کے دوران سبزیوں سے لدی چھوٹی گاڑیوں کو بغیر کنڈے آگے جانے کی پاداش میں اے آرٹی او گاندربل عارف پرویز نے فی کس 5ٹاٹا موبائل گاڑیوں کا 22000روپے کا چالان کیا ہے۔ کے این ایس کے مطابق سرینگر لیہہ شاہراہ پر یکطرفہ گاڑیوںکی آمدورفت کی اجازت ہونے کے باوجود سونہ مرگ چیک پوسٹ سبزیوں سے بھری چھوٹی گاڑیوںکو بغیر کنڈے رات کے دوران چھوڑ دیا جاتا ہے جس کے سبب محکمہ ٹرانسپورٹ کو لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ کشمیر نیوز سروس کو ذرائع سے معلوم ہواہے کہ اس بارے میں جب اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر گاندربل عارف پرویز شاہ کو معلوم ہوا کہ ٹریفک پولیس چک پوسٹ سونہ مرگ میں تعینات اہلکار رات کے دوران بغیر کنڈے کے سبزی سے لدے ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو چھوڑا جارہا ہے تو انہوں نے رات کے بارہ بجے زیرو پوائنٹ زوجیلا کے مقام پر5ٹاٹا موبائلوں کو پکڑ لیا اور ڈرائیوروں سے پوچھ تاچھ کے بعد پتہ چلا کہ اگرچہ سنیچروار کے روز صرف کرگل لیہہ سے سرینگر کی طرف گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوتی ہے اور کسی بھی گاڑی کو سونہ مرگ سے لیہہ اور کرگل کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوتی لیکن سونہ مرگ میں ٹریفک پولیس کی طرف سے قائم کئے گئے چیک پوسٹ پر تعینات اہلکاروں نے رات کے دوران 5ٹاٹا موبائلوں کو چھوڑا تھا ۔ذرائع نے کے این ایس کو بتایا کہ اے آر ٹی او گاندربل نے ان 5ٹاٹا موبائلوں کو زیرو پوائنٹ زوجیلا سے رات کو واپس لاکر فی ٹاٹا موبائل کو 22000ہزار روپے کا چالان کیا ہے۔ اس دوران کئی ڈرائیوروں نے بتایا کہ سونہ مرگ میں قائم ٹریفک پولیس چک پوسٹ پر تعینات اہلکار یکطرفہ ٹریفک کا بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں اور رات کے دوران ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ملی بھگت سے یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ رات کے دوران گاڑیوں کو چھوڑنے سے نہ صرف ڈرائیوروں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے بلکہ سونہ مرگ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے قائم کیا گیاگاڑیوں کو تولنے کا کنڈا ( Weigh Bridge) کو اس سے لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ ادھر لداخ شاہراہ پر چلنے والے ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کو سرینگر سے لداخ کا کرایہ 32000ہزار روپے ہے اور ڈیزل بھی مہنگا ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹر خسارے پر چل رہے ہیں لیکن اگر سونہ مرگ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے قائم کئے گئے Weigh Bridge پر اگر 10 کلو وزن زیادہ نکل جاتاہے تو اس کے لئے 22000ہزار روپے جرمانہ کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اب لیہہ شاہراہ پر چلنے والے گاڈی مالکان مزید ذہنی طورپریشان ہورہے ہیں ۔انہوں نے ٹرانسپورٹ کمشنر سے مطالبہ کیا کہ ان کو اس میں رعایت دی جائے کیونکہ لاک ڈاون کی وجہ سے وہ پہلے ہی دو سال سے پریشان ہیں اور اب اس کی وجہ سے وہ مزید پریشانیوں کا شکار ہورہے ہیں۔










