کم برفباری کے باعث چراگاہی میدان کو نقصان پہنچنے کا خدشہ
سرینگر//یو این ایس / وسطی کشمیر کے معروف سیاحتی مقام سونہ مرگ میں انتظامیہ نے ماحولیاتی خدشات کے پیش نظر اسنو موبائل سرگرمیوں پر فوری طور پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری ایک سرکاری حکم نامے کے ذریعے کیا گیا۔حکام کے مطابق چراگاہی میدان میں اسنو موبائل بائیکس کی مسلسل ا?مد و رفت سے قدرتی گھاس کو نقصان پہنچ رہا تھا، خاص طور پر اس سال کم برفباری کے باعث کئی مقامات پر گھاس کی سطح نمایاں ہو چکی ہے۔ ایسی صورتحال میں اسنو موبائل کی نقل و حرکت ماحولیات اور قدرتی نظام کے لیے خطرہ بن رہی تھی۔یو این ایس کے مطابق حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سونمرگ کا میدان ایک نازک ماحولیاتی نظام کا حامل علاقہ ہے اور یہ سیاحتی اعتبار سے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ اس لیے اس کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کے لیے اسنو موبائل سرگرمیوں کو فوری طور پر معطل کرنا ضروری سمجھا گیا۔حکام نے بتایا کہ موسم سرما کے اختتام کے قریب ہونے اور مناسب برفباری نہ ہونے کے باعث چراگاہی میدان کے کئی حصوں میں گھاس کی قدرتی سطح ظاہر ہو چکی ہے، جس پر اسنو موبائل کی آمد و رفت ماحولیاتی بگاڑ کا باعث بن رہی ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا کہ سونمرگ کے میدان میں اسنو موبائل کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر بند رہیں گی اور متعلقہ آپریٹرز اور انجمنوں کو اس فیصلے پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں اجازت نامے منسوخ کرنے سمیت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس سلسلے میں حکم نامے کی نقول ضلع انتظامیہ گاندربل کے ڈپٹی کمشنر، ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر، سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کنگن، پولیس حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی بھیج دی گئی ہیں تاکہ زمینی سطح پر اس فیصلے کو موثر طریقے سے نافذ کیا جا سکے۔علاوہ ازیں وائلڈ لائف محکمہ، ٹورسٹ پولیس سونمرگ، سونمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے انفورسمنٹ ونگ اور اسنو بائیک ایسوسی ایشن کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس پابندی پر فوری اور مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ علاقے کے ماحول اور قدرتی حسن کو محفوظ رکھا جا سکے۔










