جموں//کمشنر سیکرٹری خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین سوربھ بھگت نے ٹرانسپورٹ نگرنروال جموں میں لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ کی لیبارٹریوں اور بنیادی ڈھانچے کا تفصیلی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے لیبارٹریوں کے کام کاج اور یونین ٹیریٹری میں صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے جاری اِصلاحات کا بھی جائزہ کیا۔معائینے کے دوران کمشنر سیکرٹری نے محکمے کے ہدف شدہ کاموں کی بروقت تکمیل پر زور دیا اورتاجرکیمونٹی کے لئے کاروباری آسانیوں میں بہتری لانے کے لئے مؤثر اقدامات کی ضرورت کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے لیبارٹریوں کی مسلسل تکنیکی اَپ گریڈیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پیمانوں اور اوزان کی تصدیق میں درستگی، شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے بتایا کہ حکومت نے 20 موبائل لیبارٹریوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے جو جدید ٹیسٹنگ آلات سے لیس ہوں گی۔ اِس سے فیلڈ موبلٹی میں نمایاں بہتری آئے گی اور تاجروں کوگھرکی دہلیز پر تصدیق کی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔ اِس اَقدام سے صارفین کا اعتماد بڑھے گا اور لیگل میٹرولوجی کے معیارات کی پابندی کو تقویت ملے گی۔کمشنر سیکرٹری نے کیرٹ پیمائش کی سہولیات کو مضبوط بنانے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا تاکہ شہریوں کو سونے کی خالصیت کی درست اور قابلِ اعتماد جانچ کی خدمات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوں نے ضلعی اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ محکمے کی عمارتوں کی مناسب دیکھ ریکھ یقینی بنائیں اور کسی بھی بنیادی ڈھانچے کی ضرورت کو بروقت اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لائیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ باقی اَضلاع میں اراضی کی دستیابی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور جلد ہی پورے یوٹی میں جدید لیبارٹریاں قائم کی جائیں گی تاکہ عوام تک بہتر اور آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔معائینے کے دوران کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ کنٹرولر لیگل میٹرولوجی جموں وکشمیر راجندر سنگھ تارا، جوائنٹ کنٹرولر جموں منوج پرابھاکر اور دیگر اَفسران بھی ہمراہ تھے۔کمشنر سیکرٹری نے محکمے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ فعال اور سروس پر مبنی طرزِ عمل جاری رکھتے ہوئے صارفین کے حقوق کے تحفظ اور جموں و کشمیر میں منصفانہ تجارتی نظام کو مزید فروغ دیں۔










