modi

سمْدرا پرتاپ کی کمیشننگ قومی طاقت اور پائیداری کی علامت

بھارت کی دفاعی پیداوار،روزگاراوار اور ٹیکنالوجی میں خود کفالت کی جانب بڑا قدم// وزیر اعظم مودی

سرینگر/یو این ایس// وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں تیار کردہ آلودگی کنٹرول جہاز انڈین کوسٹ گارڈ شپ سامْدرا پرتاپ کی کمیشننگ کو حکومت کے خود انحصاری کے وڑن کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف بھارت کی بحری صلاحیتوں کو مضبوط بناتا ہے بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے حکومت کے عزم کو بھی اجاگر کرتا ہے۔یو این ایس کے مطابق وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سامْدرا پرتاپ کی کمیشننگ کئی حوالوں سے اہم ہے، کیونکہ یہ جہاز خود انحصار بھارت مہم کے تحت مکمل طور پر ملک میں تیار کیا گیا ہے اور اس سے ملکی دفاعی پیداوار، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی خود کفالت کو فروغ ملے گا۔واضح رہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پیر کے روز سامْدرا پرتاپ کو باضابطہ طور پر کوسٹ گارڈ کے بیڑے میں شامل کیا۔ یہ بھارت کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ آلودگی کنٹرول جہاز ہے اور اب تک کوسٹ گارڈ کے سب سے بڑے جہاز کے طور پر سروس میں شامل ہوا ہے، جسے دفاعی ماہرین ایک ’’اسٹریٹجک اثاثہ‘‘ قرار دے رہے ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق سامْدرا پرتاپ کی شمولیت سے بھارت کی سمندری آلودگی پر قابو پانے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا، خاص طور پر تیل کے اخراج، صنعتی فضلے اور سمندری حادثات کے دوران فوری ردعمل کے حوالے سے۔ یہ جہاز نہ صرف آلودگی کنٹرول قوانین کے نفاذ میں معاون ہوگا بلکہ تلاش و بچاؤ کارروائیوں، بحری قانون کے نفاذ اور بھارت کے خصوصی اقتصادی زون کے تحفظ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔سرکاری ذرائع کے مطابق سامْدرا پرتاپ کو مستقبل میں ساحلی ریاستوں اور بندرگاہی حکام کے ساتھ مشترکہ آپریشنز کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا، تاکہ سمندری ماحولیاتی تحفظ کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ جہاز کو علاقائی تعاون کے تحت دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ مشقوں میں بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے، جس سے بھارت کی بحری سفارت کاری کو بھی تقویت ملے گی۔یو این ایس کے مطابق تکنیکی اعتبار سے یہ جہاز جدید ترین نظاموں سے لیس ہے، جن میں سائیڈ سوئپنگ آرمز، فلوٹنگ بومز، ہائی کیپیسٹی اسکمرز، پورٹیبل بارجز اور ایک مکمل آلودگی کنٹرول لیبارٹری شامل ہے۔ جہاز میں بیرونی فائر فائٹنگ سسٹم بھی نصب ہے جبکہ ڈائنامک پوزیشننگ، انٹیگریٹڈ برج سسٹم، انٹیگریٹڈ پلیٹ فارم مینجمنٹ سسٹم اور آٹومیٹڈ پاور مینجمنٹ سسٹم جیسی جدید سہولیات اسے مکمل طور پر خودکار اور مشن کے لحاظ سے انتہائی مؤثر بناتی ہیں۔سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ سامْدرا پرتاپ کی کمیشننگ ایسے وقت میں عمل میں آئی ہے جب مودی حکومت خود انحصار بھارت اور ماحول دوست ترقی کو اپنی پالیسی کا مرکزی ستون قرار دے رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ اقدام آنے والے دنوں میں حکومت کی سیاسی بیانیے کو بھی تقویت دے سکتا ہے، خاص طور پر اس دعوے کے ساتھ کہ بھارت نہ صرف دفاعی لحاظ سے مضبوط ہو رہا ہے بلکہ پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ میں بھی قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔