لندن ؍ ریاض /ایجنسیز// برطانوی ولیعہد اور پرنس آف ویلز، شہزادہ ولیم کے دورہ کے اختتام پر سعودی عرب میں تعینات برطانوی سفیر اسٹیفن ہچن نے کہ شہزادہ ولیم نے مملکت سے روانگی سے قبل ان سے خصوصی طور پر کہا کہ وہ سعودی عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کریں جنہوں نے ان کا انتہائی پر تپاک استقبال کیا اور مثالی مہمان نوازی کی۔ برطانوی شہزادے نے اس بات کا اظہار کیا کہ یہ خوشگوار تاثر ان کی یادوں میں ہمیشہ تازہ رہے گا۔اسٹیفن ہچن نے العربیہ سے خصوصی گفتگو میں واضح کیا کہ شہزادہ ولیم کا سعودی ولیعہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ درعیہ کا دورہ ان کے پورے دورے کا سب سے یادگار حصہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ولیعہد کا ذاتی طور پر برطانوی شہزادے کے ساتھ وقت گزارنا دونوں ممالک کے گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔ شہزادہ ولیم نے العلا اور شرعان ریزرو کی بھی بہت تعریف کی، کیونکہ وہ خود ماحولیات اور قدرتی و تاریخی ورثے کے تحفظ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ذاتی گفتگو کے دوران برطانوی سفیر نے بتایا کہ وہ مقامی لہجے سیکھنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ میں آہستہ آہستہ اہل نجد کا لہجہ سیکھ لوں گا۔ انہوں نے ذکر کیا کہ وہ مصری، اردنی، کویتی اور بغدادی سمیت کئی عربی لہجوں سے واقف ہیں اور ان کے مطابق عربی زبان کے ساتھ ان کا سفر مختلف مراحل سے گزرتا ہوا اب عربیت کے دل تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حجازی لہجہ کسی حد تک مصری اور اردنی سے مشابہت رکھتا ہے جبکہ نجدی لہجہ فصیح عربی کے زیادہ قریب ہے۔










