ترال میں 2افراد کو پاگل کتے نے کاٹ کھایا،لوگ پریشان
سرینگر//سرینگر کے سعدہ کدل علاقے میں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک8 سالہ معصوم بچی بری طرح زخمی ہوگئی ہے۔ گزشتہ ایک ماہ کے دوران سعدہ کدل علاقے میں یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ادھر پنگلش ترال میں بھی گزشتہ روز ایک پاگل کتے نے دو افراد کو کاٹ کھایا ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق سرینگر میںڈل جھیل کے متصل واقع سعدہ کدل علاقے میں جمعہ کی شام ایک آٹھ سالہ بچی پر اس وقت آوارہ کتوں نے حملہ کر کے زخمی کردیا جب وہ ٹیوشن سے گھر کی طرف واپس لوٹ رہی تھی۔کتوں کے حملے میں بچی کے چہرے، بازو اور کمر پر کئی چوٹیں آئی ہیں۔ بچی کو فوری طور ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اینٹی ربیز ویکسین کے علاوہ زخموں کی مرحم پٹی کر کے اسے رخصت کیا گیا۔اس دوران مقامی لوگوں نے اس طرح کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آوارہ کتوں کے انسانوں پر حملہ کئے جانے کے ایسے واقعات پیش آنا علاقے میں معمول بن چکا ہے۔ اس سے قبل ایک 55سالہ خاتون پر بھی کتوں نے حملہ کرکے شدید زخمی کر دیا تھا۔‘‘انہوں نے متعلقہ حکام خاص کر سرینگر میونسپل کارپوریشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’بارہا اس طرح کے واقعات ان کی نوٹس میں لانے کے باوجود ابھی تک کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے ادھر جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے پنگلش علاقے میں گزشتہ روز ایک پاگل کتا نمو دار ہوا ہے جس نے یہاں راہ چلتے دوبچوں پر حملہ کیا ہے جس کی نے نتیجے میں دونوں بچے شدید زخمی ہوئے ہیں جن کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔ اس دوران ترال کے مختلف علاقوں سے ملنے والی اطلاعات لے مطابق یہاں آوارہ کتوںکے حکموں میں شدید اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔










