سست اوور ریٹ کا پنت کو بھگتنا پڑا خمیازہ، لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد

سست اوور ریٹ کا پنت کو بھگتنا پڑا خمیازہ، لاکھوں روپے کا جرمانہ عائد

خراب فارم سے جوجھ رہے لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان رشبھ پنت کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ دراصل بی سی سی آئی نے پنت پر لاکھوں روپے کا جرمانہ لگا دیا ہے۔ اس کے علاوہ لکھنؤ ٹیم کے گیندباز دگویش سنگھ راٹھی پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ممبئی کے خلاف میچ جیتنے والی لکھنؤ سپر جائنٹس کو میچ کے دوران سست اوور ریٹ کی وجہ سے خمیازہ بھگتنا پڑا ہے۔
رشبھ پنت پر 12لاکھ روپے کا جرمانہ لگا ہے جبکہ دگویش راٹھی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ راٹھی نے گیندبازی کے دوران بلے باز کو آؤٹ کرنے کے بعد غلط اشارہ کیا تھا۔ گزشتہ میچ میں بھی راٹھی کو ان کی اسی طرح کی حرکت کے لیے سزا ملی تھی۔ وہ وکٹ لینے کے بعد بلے باز کی طرف ایسے اشارہ کرتے ہیں جیسے ان کا حساب کتاب نپٹا رہے ہیں۔
آئی پی ایل کی طرف سے جاری میڈیا ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے کپتان رشبھ پنت پر جمعہ کو بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی ایکانا کرکٹ اسٹیڈیم، لکھنؤ میں ممبئی انڈینس کے خلاف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025کے 16ویں میچ کے دوران سست اوور ریٹ بنائے رکھنے کے لیے جرمانہ لگایا گیا ہے۔ چونکہ یہ آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کی دفعہ 2.22 کے تحت ان کی ٹیم کا اس سیزن کا پہلا جرم تھا جو کم سے کم اوور ریٹ غلطی سے متعلق ہے اس لیے پنت پر 12لاکھ روپے کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔ وہیں دگویش راٹھی نے اس سیزن میں دفعہ 2.5کے تحت دوسرا لیول-1کا جرم کیا ہے اور اس لیے انہیں 2 ڈی میرٹ پوائنٹس ملے ہیں۔ اس سے پہلے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی ان کے کھاتے میں جڑ چکا ہے، جو ان کو یکم اپریل 2025کو پنجاب کنگس کے خلاف کھیلے گئے ایل ایس جی کے میچ کے دوران ملا تھا۔ ضابطہ اخلاق کے لیول-1 کی خلاف ورزی کے لیے میچ ریفری کا فیصلہ آخری اور قابل قبول ہوتا ہے۔