سر ی نگر//سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے محکمہ کی طرف سے سرمائی مہینوں میں منعقد ہونے والے فیسٹولوں اور تقریبات کے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اِس سلسلے میں سیکرٹری سیاحت نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ ورلڈ مائونٹین ڈے ، کرسمس ، نیا سال اور برفانی سرگرمیوںجیسے آئس پارکوں اور سکیٹنگ تقریبات کا اِنعقاد کرنے کے لئے منصوبے مرتب کریں ۔سرمد حفیظ نے سونہ مرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی سے کہا کہ وہ وہاں سکیٹنگ رِنک اور آئس پارک بنانے کے لئے جگہوں کی نشاندہی کرے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے اِس برس سرمائی مہینوں میں سیاحت مقامات کو کھلا رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ جموںوکشمیر کا دورہ کرنے والے سیاحوں کا رَش کو پورا کیا جاسکے۔سیکرٹری سیاحت نے اِنسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرتس کے ماہرین سے گلمرگ اور سونہ مرگ میں ایک آئس پارک تیار کرنے کے لئے ایک تصوراتی منصوبہ تیار کرنے کو بھی کہا تاکہ سرما کے دوران آنے والے سیاحوں کو ایک مختلف تجربہ حاصل ہو۔پرنسپل جواہر اِنسٹی چیوٹ آف مائونٹینئر نگ پہلگام تھاپا نے میٹنگ کو جانکاری دی کہ ان کے ادارے نے سونہ مرگ میں تقریباً چھ سکینگ کورسوں کا منصوبہ بنایا ہے جس کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔میٹنگ میں ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، سونہ مرگ اور گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹیوں کے چیف ایگزیکٹیو اَفسران ، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر ، پرنسپل جواہر اِنسٹی چیوٹ آف مائونٹینیئر نگ پہلگام ، محکمہ سیاحت کے سینئر اَفسران ، ماہرین انسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس اور دیگر اَفسران نے شرکت کی۔










