سری نگر//آئندہ لوک سبھا اِنتخابات 2024 ء کی تیاری کے سلسلے میں یکم اور 2 ؍فروری کو چیف الیکٹورل آفیسر دارالانتخاب سری نگر کے دفتر میں دو روزہ تربیتی پروگرام کا اِنعقاد کیا گیا جس میں ڈی وائی ایس پی، اے ایس پی رینک کے 25سے30 پولیس افسران اور صوبہ کشمیر کے اے ڈی سی، اے سی آر رینک کے 30سے40 سول افسران نے شرکت کی۔یہ تربیتی پروگرام حال ہی میں جموں میں اِختتام پذیر ہونے والے اسی طرح کے سیشن کی توسیع تھی اور اس کا مقصد ہموار اور محفوظ اِنتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لئے اہم سیکورٹی ماڈیولز کی تفہیم کو بڑھانا تھا۔ اے ڈی سی ، اے ڈی ڈی سی، ایس ڈی ایم ، اے سی آر رینک کے سول افسران اور دیگر ضلع افسران کو منظم رائے دہندگان کی تعلیم اور اِنتخابی شرکت (ایس وی ای ای پی)، اِنتخابی ضابطہ اخلاق، میڈیا سرٹیفکیشن اور مانیٹرنگ کمیٹی اور سوشل میڈیا پر تربیت بھی دی گئی۔چیف الیکٹورل آفیسرجموں و کشمیرپانڈورانگ کے پولے نے ورچیول سیشن کا اِفتتاح کیا اور ٹیکنالوجی کی متحرک نوعیت اور بدلتے ہوئے منظر نامے میں درپیش چیلنجوں پر زور دیا۔ اس تربیت نے پولیس اَفسران کو اِنتخابات کے دوران سیکورٹی کو برقرار رکھنے کے لئے نئی حکمت عملی اور تکنیک کو اَپنانے کا ایک اہم موقعہ فراہم کیا۔نیشنل لیول ماسٹر ٹرینرز چاند کشور شرما اور ریاض احمد بٹ نے سیکورٹی تعیناتی، سی اے پی ایف کا کردار، انتخابی ضابطہ اخلاق سے متعلق امور، اِنتخابی اخراجات کی نگرانی، خطرات کی نقشہ بندی، ایم سی ایم سی اور سوشل میڈیا سمیت متعدد موضوعات پر تربیت دی۔چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر نے اَپنے اِختتامی خطاب میں افسران کو سیکورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا جن میں نقدی یا شراب کی غیر قانونی ٹرانسپورٹیشن کے لئے مشتبہ گاڑیوں کی جانچ سے لے کر اِنتخابات کے دن پولنگ سٹیشنوں کے انتظام تک شامل ہیں۔ اُنہوں نے پُرامن اور منصفانہ اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اچھے طریقوں اور شفافیت کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔










