ورکشاپ کے دوران قومی ، بین الاقوامی اور مقامی ماہرین نے 31 اہم اِنٹروینشنل طریقۂ کار کو اَنجام دئیے
سری نگر//گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے شعبہ یورولوجی اینڈ رینل ٹرانسپلانٹ سینٹر کے زیر اہتمام تین روزہ ورکشاپ ’’دی ویلی یوروکون 2/2024‘‘ آج اِس عزم کے ساتھ اِختتام پذیر ہوئی کہ اِس میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور مریضوں پر مبنی عزم کو شامل کیا جائے گا۔خطے میں یورولوجیکل کیئر اور تعلیم کو فروغ دینے میںگورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کی قیادت کو ظاہر کرنے والی ورکشاپ ایک بڑی کامیابی تھی جس میں قومی ، بین الاقوامی اور مقامی صحت ماہرین نے 31 اہم انٹروینشنل طریقۂ کار انجام دیئے۔تین روزہ ورکشاپ میں پیچیدہ یورولوجیکل حالات سے نمٹنے کے لئے جدید اینڈو یورولوجیکل تکنیکوںپر توجہ مرکوز کی گئی۔ اہم اَداروں کے ماہر فیکلٹی جیسے ایمز، اے آئی این یو، پی جی آئی اور ایس ایم ایس جے پور نے اِس پروگرام کی رہنمائی کی جس میں جدید ترین طریقوں کا اِستعمال کرتے ہوئے 31 چیلنجنگ یورولوجیکل طریقوں کو کامیابی سے انجام دیا گیا۔دی ویلی یورو کون 2/2024 نے نظریاتی سیکھنے اور عملی تجربے دونوں کے لئے ایک غیر معمولی پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کیا جس سے شرکأ کو یورولوجی میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفتوں کے بارے میں اَپنی سمجھ کو گہرا کرنے میں مدد ملی۔ ورکشاپ نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شرکأ اَپنی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں اور میدان میں بہترین طریقوں سے باخبر رہیں۔ورکشاپ میں نامور شخصیات نے شرکت کی جن میں پروفیسر املیش سیٹھ، پروفیسر راجیو کمار، ایمز سے ڈاکٹر رشی نیئر، پروفیسر پی این ڈوگرہ ایمز، صفدر جنگ ہسپتال سے پروفیسر انوپ کمار، سی ایم ای ویلور کے پروفیسر گنیش گوپال کرشنا، پروفیسر ملیکا سی ارجن، ڈاکٹر سید گوس اے آئی این یو حیدرآباد، پروفیسر راجیو سود وی سی بابا فرید یونیورسٹی پنجاب، پروفیسر شیلیش رائنا جسلوک ہسپتال، پروفیسر للت شاہ صدر یو ایس آئی، پروفیسر کندر پاریکھ، ڈاکٹر ابھیشیک سنگھ احمد آباد، پروفیسر شیوم، پروفیسر امیلال بھٹ ایس ایم ایس جے پور، پروفیسر سوپون سود جالندر، پروفیسر اشوک شرما، راجستھان سے پروفیسر انیل الائنس، دہلی سے پروفیسر ایس کے پال، دہلی سے پروفیسر سدھیر راول راجیو گاندھی، پروفیسر بلدیو سنگھ آلوک پنجاب، پروفیسر ایس پی یادو میرٹھ، پروفیسر انیل وربیشی، ڈاکٹر آشیش سینی اور ممبئی سے ڈاکٹر سنجے پانڈے شامل ہیں۔تین روزہ ورکشاپ میں پروفیسر منیر خان، پروفیسر سلیم وانی، پروفیسر عارف حامد، پروفیسر الیاس شرما، ڈاکٹر راہل گپتا، ڈاکٹر نوید خان، ڈاکٹر جاوید ماگرے، ڈاکٹر یاسر قادری، ڈاکٹر تنویر اِقبال اور پروفیسر سیّد سجاد نذیر نے بھی شرکت کی۔تین روزہ ورکشاپ میں ملک بھر سے ماہرین صحت کو میدان میں مختلف امور پر غور و خوض کرنے اور خیالات، تجربات، بہترین طریقوں اور کامیابی کی داستانوں کے اشتراک کے علاوہ اِس شعبے میں ہونے والی مختلف پیش رفتوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے اکٹھا کیا۔
اِفتتاحی تقریب میں سیکرٹری صحت وطبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے شرکت کی جنہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر اور اس کے یورولوجی ڈیپارٹمنٹ کو بین الاقوامی معیار کی یوروکون 2/2024 کانفرنس کے انعقاد پر سراہا اور شرکأ پر زور دیا کہ وہ میدان میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور مہارتوں کو اَپ گریڈ کریں۔اُنہوں نے اِس طرح کے پروگراموں کو باقاعدگی سے منعقد کرنے پر بھی زور دیا کیوں کہ یہ تجربے کے تبادلے ،غوروخوض اور علم میں اضافے کے لئے ایک سٹیج فراہم کرتے ہیں۔پرنسپل اورڈین گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر اور کانفرنس کے چیف سرپرست ڈاکٹر عفت حسن نے مریضوں کو جدید ٹیکنالوجی اور جدید نگہداشت فراہم کرنے کے لئے شعبہ یورولوجی کے عزم کو سراہا۔ اُنہوں نے مقامی آبادی کے فائدے کے لئے طبی اِختراعیت میں سب سے آگے رہنے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے عزم کو اُجاگر کیا ۔سربراہ یورولوجی گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر اور سرپرست یوروکون 2-2024 ڈاکٹر سیّد سجاد نذیر نے ورکشاپ کے کامیاب اِنعقاد پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقعہ ہے جب جدیدتکنیکوں کا اِستعمال کرتے ہوئے اتنے زیادہ کیسز کو اَنجام دیا گیا ہے۔اُنہوں نے مریضوں کے نتائج کو بہتر بنانے اورنگہداشت کے معیار کو بلند کرنے میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کے اہم کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے کانفرنس کے لئے زبردست تعاون فراہم کرنے پر پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کا شکریہ ادا کیا۔ اُنہوں نے ورکشاپ کے انعقاد کے دوران ایڈمنسٹریٹر ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال محمد اشرف حکاک کے رول کو بھی سراہا۔کانفرنس کے دوران سابق سربراہ یورولوجی سکمزپروفیسر بلدیو سنگھ وزیر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔










