سری نگر میں’ٹارگٹ کلنگ‘ کا واقعہ، جواں سال باڈی بلڈر جاں بحق

سری نگر// سری نگر کے نوا کدل علاقے میں منگل کی صبح نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک 25 سالہ نوجوان کو گولیوں مار کر جاں بحق کر دیا۔جموں و کشمیر پولیس نے اس ‘ٹارگٹ کلنگ‘ کے لئے جنگجوئوں کو قصوروار ٹھہرایا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کے بلبل لانکر نوا کدل علاقے میں منگل کی صبح قریب ساڑھے گیارہ بجے نامعلوم اسلحہ برداروں نے ایک 25 سالہ نوجوان پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی نوجوان کو نازک حالت میں شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بعد میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔متوفی نوجوان کی شناخت شیخ میران علی ساکن صفا کدل سری نگر کے بطور ہوئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ متوفی نوجوان ایک باڈی بلڈر تھا۔دریں اثنا پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سری نگر پولیس کو منگل کے روز قریب ساڑھے گیارہ بجے اطلاع ملی کہ جنگجوئوں نے ایک عام شہری پر فائرنگ کی۔بیان میں کہا گیا: ‘پولیس کے سینئر افسران جائے واردات پر پہنچ گئے۔ ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ دہشت گردوں نے میران علی شیخ ولد شبیر احمد شیخ ساکن بلبل لانکر نوا کدل پر اس کے گھر کے باہر فائرنگ کی۔اس میں مزید کہا گیا: ‘میران علی شدید زخمی ہوا۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے واقعے کی نسبت متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ یواین آئی