سری نگر،کپوارہ//سیکورٹی فورسزنے وسطی ضلع بڈگام کے گوگوہمہامہ علاقہ میں بارودی سرنگ دھماکے کی ایک بڑی واردات کوٹالتے ہوئے ایک طاقتورIEDکاپتہ لگاکر اس کوناکارہ بنادیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق سری نگرائرپورٹ کے راستے پرواقع گوگوہمہامہ علاقہ میں جنگجوئوںکی جانب سے ممکنہ طورپرکوئی واردات انجام دینے سے متعلق اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسزنے سوموار کورات دیر گئے اس پورے علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی ،بتایاجاتاہے کہ اس دوران سیکورٹی فورسزکے اہلکاروںنے سری نگرائرپورٹ،ٹیکنیکل ائرپورٹ اورفوج کی جموں وکشمیرلائٹ انفنٹری کے ہیڈکوارٹر واقع گوگوکے نزدیک چھپائی یارکھی گئی ایک طاقتور بارودی سرنگ کاسراغ لگایا ،جس کوایک اطلاع کے مطابق ایک ٹین یاڈبے میں رکھاگیا تھا۔بارودی سرنگ کاسراغ لگنے کے بعدبم کوناکارہ بنانے والے بم ڈسپوزل اسکارڈکوطلب کیاگیا۔بم ڈسپوزل اسکارڈنے برآمد شدہ بارودی سرنگ کوناکارہ بناکر ایک ممکنہ بڑے خطرے کوٹال دیا۔اس دوران سرحدی ضلع کپوارہ کے کرالہ پورہ علاقہ میں نزدیکی جنگل سے سیکورٹی فورسزنے 3 بارودی سرنگیں برآمدکیں ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے ضلع کپوارہ کے کرالہ پورہ علاقے میں ایک شیڈ سے 3 بارودی سرنگیں اور 3 کلو یوریا بر آمد کی ۔انہوں نے کہا کہ ان بارودی سرنگوں کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں شیڈ کے مالک سمیت کئی افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور کئی مشکوک افراد کے گھروں کی تلاشی بھی لی گئی ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں۔










