قومی تحقیقاتی ایجنسی کی چھاپے مار کارروائیاں جاری

سری نگر، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میںچھاپے ،4مشتبہ جنگجواعانت کار گرفتار

این آئی اے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ یک روزہ دورے پر سرینگر پہنچ گئے

سری نگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے) نے وادی کشمیر کے سری نگر، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں متعدد مقامات پر چھاپے ڈالے جس دوران جنگجوئوں کے4عانت کاروں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا گیا ہے ۔ این آئی اے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ یک روزہ دورے پر سرینگر پہنچ گئے کشمیر نیوز سروس کے مطابق قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بدھ کے روزبھی وادی کشمیر میں چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سری نگر، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں متعدد مقامات پر چھاپے مار کر 4مشتبہ جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کیا ہے۔تحقیقاتی ایجنسی کے کے ایک ترجمان نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ملی ٹنسی سازش کیس کے سلسلے میں این آئی اے نے سری نگر، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں 16 مقامات پر چھاپے مار کر چار لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے گرفتار شدگان کی شناخت وسیم احمد صوفی ساکن چھتہ بل سری نگر، طارق احمد ڈار ساکن شیر گڑھی سری نگر، بلال احمد میر ساکن پارمپورہ سری نگراور طارق احمد بفنڈو ساکن راجوری کدل سری نگر کے بطور کی ہے۔انہوں نے کہا: ’ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار شدگان مختلف جنگجو تنظیموں کے ساتھ اعانت کاروں کی حیثیت سے کام کررہے تھے اور وہ جنگجوؤں کو جنگجو یانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے منطقی و دیگر سپورٹ فراہم کر رہے تھے‘۔انہوں نے کہا: ’یہ کیس کالعدم جنگجو تنظیموں بشمول لشکر طیبہ، جیش محمد، حزب المجاہدین، البدر اور ان سے وابستہ دیگر ٹی آر ایف جیسی تنظیموں کی طرف سے جموں و کشمیر، دلی اور دوسرے بڑے شہروں میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے بارے میں موصولہ اطلاعات کے متعلق درج کیا گیا ہے‘۔بیان میں کہا گیا کہ ان جنگجو تنظیموں کے اعانت کار ہمسایہ ملک میں بیٹھے اپنے ہینڈلرس اور کمانڈروں کے ساتھ سازشیں کر رہے ہیں اور یہاں مقامی نوجوانوں کو بندوق اٹھانے کے لئے تیار کر رہے ہیں۔انہوں نے بیان میں کہا کہ ان جنگجوؤں نے کئی پر تشدد کارروائیاں انجام دی ہیں جن میں عام شہریوں اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں کی ہلاکتیں اور وادی میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنا شامل ہے۔دریں اثنا شہری ہلاکتوں اور مسلح تصادم آرائیوں میں تیزی کے بیچ موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے قومی تحقیاتی ایجنسی (این آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل کلدیپ سنگھ بدھ کے روز سری نگر پہنچے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اپنے یک روزہ دورے کے دوران سنگھ یہاں سینئر سیکورٹی اور انٹلی جنس افسروں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے۔بتادیں کہ موصوف ڈائریکٹرجنرل جو سی آر پی ایف کے بھی ڈائریکٹر جنرل ہیں، کا یہ دورہ سری نگر اس وقت ہو رہا ہے جب کشمیر میں حال ہی میں نامعلوم اسلحہ برداروں نے کئی عام شہریوں کو نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا۔ان شہری ہلاکتوں میں اقلیتی فرقے سے وابستہ ایک خاتون پرنسپل، ایک استاد اور ایک دوا فروش اور بہار سے تعلق رکھنے والا ایک مزدور بھی شامل ہے ۔