سری لنکا میں قومی ٹیم کے مساجر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

قومی ٹیم کے مساجر ملنگ علی کا سری لنکا پہنچتے ہی کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد وہ پانچ دن آئسولیشن میں رہیں گے۔کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم بدھ کی شام دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے سری لنکا پہنچی جہاں تمام کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ کے ٹیسٹ کیے گئے۔تمام 18کھلاڑیوں اور ایک مساجر سمیت 13 رکنی عملے کے ٹیسٹ کے نتائج آئے تو ان میں مساجر کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد انہیں آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اگر 16جولائی کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل ملنگ بحال نہیں ہوتے تو قومی ٹیم کو قائم مقام مساجر کی خدمات سری لنکا سے ہی حاصل کرنا ہوں گی، کیونکہ ماضی میں بھی قومی ٹیم نے کبھی اضافی مساجر اپنے ساتھ نہیں رکھا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ گال میں کھیلا جائے گا اور اس میچ کے لیے قومی ٹیم کی فائنل الیون ممکنہ طور پر وہی ہوگی جو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کے لیے میدان میں اتری تھی، البتہ یاسر شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا جاسکتا ہے۔سری لنکا کی ٹیم اس وقت آسٹریلیا کی میزبانی کر رہی ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ سے شروع ہوگا اور اس سیریز کے اختتام پر پاکستان اور سری لنکا مدمقابل ہوں گے۔آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل سری لنکا کی ٹیم بھی مشکلات سے دوچار ہے اور جمعہ کو شروع ہونے والے میچ سے قبل تین سری لنکن کھلاڑی وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔سری لنکا کے تین کھلاڑی دھننجیا ڈی سلوا، اسیتھا فرنینڈو اور جیفری ویندرسے کووڈ کا شکار ہونے کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔