سری لنکا میں سونا خریدنے سے زیادہ دودھ خریدنا مشکل ہو گیا

سری لنکا میں سونا خریدنے سے زیادہ دودھ خریدنا مشکل ہو گیا

سری لنکا میں خوراک کا بحران مزید گہرا ہو گیا ہے۔ لوگوں کے لیے سونا خریدنے سے زیادہ دودھ خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔ ایل پی جی کی شدید قلت کے باعث سری لنکا میں کئی بیکریاں بند ہو گئی ہیں جس کے باعث روٹی کی قیمت دوگنی ہو گئی ہے۔ غریب عوام کے لیے روٹی خریدنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔سری لنکا میں خوراک کا بحران اتنا گہرا ہو گیا ہے کہ وہاں کے لوگوں کے لیے سونا خریدنے سے زیادہ دودھ خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔ دی گارڈین میں شائع خبر کے مطابق دودھ ملنا بہت مشکل ہو گیا ہے کیونکہ وہ بہت مہنگا ہو گیا ہے۔واضح رہے سری لنکا میں چکن کھانوں کا ایک اہم حصہ ہے لیکن اس کی بڑھتی قیمتوں کے باعث یہ عام لوگوں کی پلیٹ سے غائب ہو گیا ہے۔ چکن کی قیمتیں دوگنی ہو گئی ہیں اور اب یہ عوام کے لیے پر تعیش چیز بن گئی ہے۔
سری لنکا کو بدترین مالیاتی بحران کا سامنا ہے۔ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً خالی ہیں اور سری لنکا چین سمیت کئی ممالک کے قرضوں تلے دبا ہوا دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہے۔ سری لنکا کے زرمبادلہ کے ذخائر جنوری میں 70 فیصد کم ہو کر 2.36 بلین ڈالر رہ گئے۔ زرمبادلہ کی کمی کی وجہ سے سری لنکا تمام ضروری اشیا بشمول خوراک، ادویات اور ایندھن بیرون ملک سے درآمد کرنے سے قاصر ہے۔سری لنکا میں ایل پی جی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جس کے باعث ایک ہزار بیکریاں بند کرنا پڑی ہیں۔ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی کے باعث گیس دستیاب نہیں ہے جس کی وجہ سے بیکریاں بند کرنا پڑ رہی ہیں۔ملک میں ایندھن کی قلت کے باعث کئی پاور پلانٹس کو بھی بند کرنا پڑا ہے۔ لوگوں کو ضرورت کے وقت بجلی کی بندش کا سامنا ہے، روزانہ سات گھنٹے سے زائد بجلی غائب ہے۔گیس کی قلت سے چھوٹے ریسٹورنٹس اور عوام بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ عدم فراہمی کے باعث کئی گیس ریٹیلرز نے اپنا کاروبار بند کر رکھا ہے۔