نیشنل پاور لفٹنگ چیمپئن شپ، ہریانہمیںگولڈ اور سلور میڈلز اپنے نام
سرینگر/یو این ایس//ہریانہ میں منعقد ہونے والے پی آئی پاور لفٹنگ بینچ پریس کے 34ویں قومی مقابلے میں سرینگر کے دو کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی سطح پر وادی کا نام روشن کیا۔رئیس بابا نے ماسٹر 1 کیٹگری 66 کلوگرام میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، جبکہ عنایت اللہ خان نے ماسٹر 1 کیٹگری 74 کلوگرام میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ دونوں کھلاڑی فٹنس ہائیو جِم، آری باغ نو گام سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی تربیت معروف کوچ شوکت مجید نرویری کے زیرِ نگرانی ہوئی۔یو این ایس کے مطابق کھلاڑیوں نے مقابلے کے دوران نہ صرف اپنی جسمانی طاقت کا مظاہرہ کیا بلکہ ذہنی مضبوطی اور مستقل محنت کی بھی مثال قائم کی۔ رئیس بابا نے بتایا کہ روزانہ کی سخت مشقیں اور متوازن خوراک انہیں اس مقام تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوئی ہیں۔ عنایت اللہ خان نے کہا، “یہ صرف میڈلز کی کامیابی نہیں بلکہ وادی کے نوجوانوں کے لیے فٹنس اور صحت مند طرزِ زندگی کی تحریک ہے۔یو این ایس کے مطابق کوچ شوکت نروری نے کہا کہ یہ کامیابی وادی میں فٹنس اور پاور لفٹنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی بھی کرتی ہے، جہاں نوجوان کھلاڑی اب قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوانے لگے ہیں۔ فٹنس ہائیو جِم نے نہ صرف ان کھلاڑیوں کو جدید آلات اور تربیتی سہولیات فراہم کیں بلکہ انہیں محنت، نظم اور خود اعتمادی کے اصول بھی سکھائے۔انہوںنے بھی اس کامیابی کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کے قومی ایونٹس میں نوجوان کھلاڑیوں کی شرکت وادی کے کھیلوں کے فروغ کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ مستقبل میں یہ کھلاڑی نہ صرف سرینگر بلکہ جموں و کشمیر کے دیگر نوجوانوں کے لیے فٹنس اور پاور لفٹنگ کے مثالی نمونے بنیں گے۔










