فائر مین سمیت3 افراد زخمی،گیس سلنڈروں کے دھماکوں سے آگ کی شدت میں اضافہ
سرینگر// یو این ایس// سرینگر کے گنجان آباد علاقے حبہ کدل میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آنے والے آتشزدگی کے ایک واقعے میں کم از کم چھ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ ایک فائر مین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ حکام نے بدھ کو اس کی تصدیق کی۔یو این ایس کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے کنٹرول روم کو رات 10 بج کر 32 منٹ پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے فوراً بعد حبہ کدل، باب ڈیم اور گاؤ کدل فائر اسٹیشنوں سے فائر ٹینڈرز کو جائے وقوعہ کی طرف روانہ کیا گیا۔حکام کے مطابق علاقے کی تنگ گلیوں اور گنجان تعمیرات کے باعث ابتدائی مرحلے میں آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مشکلات پیش آئیں، جس کے پیش نظر شہر کے دیگر اسٹیشنوں سے بھی اضافی نفری اور گاڑیاں طلب کی گئیں۔ریسکیو آپریشن کے دوران دو سے تین ایل پی جی سلنڈروں کے دھماکوں سے آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں مکانات کے بالائی حصے (اٹاری) زیادہ متاثر ہوئے۔واقعے میں ایک فائر مین کے ہاتھ پر چوٹ آئی جبکہ دو عام شہری بھی معمولی زخمی ہوئے۔ تینوں کو مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فارغ کردیا گیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر میر عاقب حسین، جنہوں نے موقع پر کارروائی کی نگرانی کی، نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تعین نہیں ہوسکا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے کہا کہ سینئر افسران نے وسائل کی بروقت فراہمی اور تال میل کو یقینی بنایا، جبکہ متاثرہ مکانات کی درست تعداد کی تصدیق کی جارہی ہے، تاہم کم از کم چھ مکانات کو نمایاں نقصان پہنچا ہے۔










