سرینگر کیلئے الگ کیٹ بنچ منظور کرنے پر اپنی پارٹی نے حکومت ِ ہند کا شکریہ ادا کیا

اپنی پارٹی کے مطالبے کو پورا کرنے پر ،میں وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر کا شکر گذار ہوں:الطاف بخاری

سری نگر//اپنی پارٹی کے مطالبہ کو پورا کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہاکہ جموں میں موجودہ بنچ کے علاوہ سرینگر میں سینٹرل ایٖڈمنسٹریٹیو ٹریبونل ( CAT)بنچ کے قیام سے خطہ کے ہزاروں ملازمین کے مسائل کا ازالہ ہوگا۔ وقتاًفوقتاً وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور لیفٹیننٹ گورنر جموں وکشمیر کے ساتھ سلسلہ وار میٹنگوں کو یاد کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ اپنی پارٹی نے حکومت سے یادداشتوں کے ذریعے نہ صرف جموں وکشمیر کے دونوں خطوں کے لئے اعلیحدہ CATبنچ قائم کرنے کا مطالبہ کیا بلکہ اِس کی مطالبہ کی حصولی کیلئے اپنی کوششیں بھی جاری رکھیں۔جے کے این ایس کے مطابق انہوں نے کہاکہ 2020کے شروع میں ہم نے جموں وکشمیر ہائی کورٹ سے 30ہزار سے زائد سروس معاملات کو CATبنچ جموں منتقل کرنے کا احتجاج کیاتھاکیونکہ وادی کشمیر کے ملازمین جموں نہیں جاسکتے اور نہ ہی وہاں رہ کر اپنی ملازمت سے متعلق مقدمات کی پیروی کرسکتے۔ اُنہیں ناسازگار موسمی حالات اور دشوار گذار خطہ کے پیش ِ نظر سرینگر میں اعلیحدہ سرکٹ بنچ کی ضرورت تھی جس کو اب پورا کر دیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی نے جموں میں کیٹ بنچ قائم کرنے کی تعریف کی تھی لیکن کشمیر صوبہ سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کم اُجرت ملازمین کے جائز مسائل کو بھی آواز دی تھی جوکہ اپنے گھروں سے سینکڑوں کلومیٹر دور جموں جاکر مقدمات کی پیروی کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کشمیر صوبہ میں یومیہ اجرت، کیجول لیبرز ، کنسالیڈیٹیڈ ورکرز، آئی ٹی آئی اور سکلڈ ورکرز، کنٹریکچول ،اڈہاک تعیناتی اور درجہ چہارم ملازمین کے علاوہ لوپیڈ ملازمین کے لئے مقدمات کے تصفیہ کے لئے جموں CATبینچ وکلاء کی فیس، سفری اور طعام وقیام کے اخراجات بردداشت نہیں کرسکتے تھے۔ الطاف بخاری نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے دیرینہ مطالبہ کو پور ا کرتے ہوئے سرینگر میں کیٹ بنچ قائم کرنے کو منظوری دیئے جانے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیاجس سے اب جموں وکشمیر یوٹی اور مرکزی ملازمین سروس سے متعلق معاملات پر انصاف کے لئے کیٹ بنچ سرینگر سے با آسانی رجوع کرسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل اپنی پارٹی کی ہی کاؤشوںکے نتیجہ میں جموں وکشمیر کے ملازمین کو کیٹ بنچ چندی گڑھ کے حد اختیار سے باہر رکھاگیا اور جموں میں سرکٹ بنچ قائم کیاگیا۔ اب جموں وکشمیر کے دونوں دارالحکومتوں میں الگ الگ کیٹ بنچ قائم کرنے سے ملازمین کو سستے میں انصاف فراہم ہوگا ، ساتھ ہی جموں کیٹ بنچ پر مقدمات کا بوجھ کم ہوگا جس سے جلد مقدمات کا نپٹارا ہوسکے گا۔