سرینگر میں پولیس کی جانب سے’ امن کیلئے سائیکل ریس‘ کا اہتمام،شرکاء پُرجوش

قیام امن کیلئے باہمی تعاون کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے:ڈی جی پی دلباغ سنگھ

سری نگر//جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت سرینگر میں جمعے کی صبح جے اینڈ کے پولیس کی جانب سے پیڈل فار پیس (امن کیلئے سائیکلنگ) ریس کا انعقاد کیا گیا۔ اس ریس میں 2264 نوجوان ،نوعمر اورنونہال سائیکل سواروںنے حصہ لیا جس میں لڑکیوں کی بھی اچھی خاصی تعداد شامل تھی۔جے کے این ایس کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ اور ایڈیشنل ہوم سیکرٹری آر کے گوئل نے کھیل کے میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے درمیان انعامات تقسیم کئے۔ دلچسپ بات تھی کہ اس سائیکل ریس میں حصہ لینا والا سب سے چھوٹا کھلاڑی صرف اڑھائی سال کا تھا، اس کوخصوصی انعام سے نوازا گیا اوراسکی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دلباغ سنگھ کا کہنا تھا کہ 2014 سے پیڈل فار پیس (امن کیلئے سائیکلنگ) ریس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ آپ دیکھ رہے ہیں ہر سال اس ریس کی طرف لوگ راغب ہورہے ہیں۔ یہ پولیس کی جانب سے عوام کو اپنے ساتھ جوڑنے کی پہلا کا حصہ ہے۔ امن کے قیام کیلئے باہمی تعاون کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے مزید کہا کہ امن و امان کیلئے ایسی تقاریب کا اہتمام ضروری ہے، بچوں کو عسکریت پسندی کے رجحانات، منشیات اور دیگر لت سے دور رکھنے میں یہ تقاریب غیر معمولی رول اداکرتی ہیں۔انعامات سے نوازے جانے کھلاڑیوں کے چہرے پر خوشی و مسرت کے آثار نمایاں تھے، انہوں نے پولیس کا شکریہ ادا بھی کیا،اْن کا ماننا ہے کہ ایسے پروگرامز سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ دیگر افراد بھی کھیل کی جانب راغب ہوتے ہیں۔