road accident

سرینگر جموںشاہراہ پر ادھمپورمیں خوفناک حادثہ

تیز رفتار بس کی ٹکر سے فورسز اہلکار سمیت 4 افراد از جاں ، متعدد زخمی

سرینگر/یو این ایس// جموں و کشمیر کے ضلع اْدھم پور میں جموں،سرینگر قومی شاہراہ پر منگل کے روز پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ حادثہ شاردہ ماتا کے قریب اْس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار بس نے پہلے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور بعد ازاں سڑک کنارے کھڑے ایک گاڑی کے قریب موجود افراد کو بھی کچل دیا۔یو این ایس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق اْدھم پور کی طرف جانے والی بس مبینہ طور پر تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی کہ اس نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار اور عقب میں بیٹھا شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوراً بعد اسی بس نے سڑک کنارے کھڑی ایک مہندرا ٹاٹا موبائل گاڑی کے قریب ٹائر تبدیل کرنے میں مصروف دو مکینکوں کو بھی اپنی زد میں لے لیا، جس سے دونوں مکینک موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ایک دوسری رپورٹ کے مطابق بس نے موٹر سائیکل سے ٹکر سے بچنے کی کوشش میں سڑک کنارے کھڑی ٹاٹا موبائل (رجسٹریشن نمبر JK04J-6732) کو زور دار ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کے قریب موجود تین شہری پل سے نیچے جا گرے اور جانبر نہ ہو سکے۔ حادثے میں بس میں سوار سی آر پی ایف کے 52ویں بٹالین کا ایک جوان بھی جاں بحق ہوا، جو کشتواڑ میں تعینات تھا اور چھٹی پر گھر جا رہا تھا۔حادثے کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اْدھم پور منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائی انجام دی، ٹریفک کو بحال کیا اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے منتقل کیا۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔