سریندرکمار چودھری اور سکینہ اِیتو نے ڈِی ایچ پورہ کا دورہ کیا

کولگام//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے وزیربرائے تعلیم، صحت و سماجی بہبود سکینہ ایتو کے ہمراہ دمحال ہانجی پورہ (ڈی ایچ پورہ) کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ریسٹ ہائوس کا سنگ بنیاد رکھا جس پر تقریباً 2.94 کروڑ روپے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ایک بڑے عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوںنے متعلقہ اِنجینئرنگ وِنگ کو ہدایت دی کہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے ریسٹ ہاؤس اور دیگر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔سریندرکمار چودھری نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت لوگوںسے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جامع ترقی کی پالیسی کے تحت متعدد منصوبے جاری ہیں جن کا مقصد رابطہ نظام کو بہتر بنانا، عوامی سہولیات کو فروغ دینا اور ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانا ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ شفافیت، جوابدہی اور عوام دوست طرزِ حکمرانی حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔سکینہ اِیتو نے اَپنے خطاب میں کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت ایک واضح بصیرت کے ساتھ تمام علاقوں میں ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لئے کام کر رہی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ریسٹ ہاؤس کا قیام علاقے کی ترقیاتی صورتحال میں ایک مثبت اضافہ ہوگا۔ وزیر موصوفہ نے اِس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ عمر عبداللہ کی حکومت کے دوران کئی دیرینہ منصوبے دوبارہ شروع کئے گئے اور بہت سے نئے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔