سری نگر// سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے وادی کشمیر کے مختلف مقامات پر سرمائی کھیلوں کے لئے محکمہ سیاحت کی جانب سے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے موسم سرما کے مقامات پر سرمائی کھیلوں کی تمام سہولیات اور آلات کو مستعد حالت میں رکھنے کی ہدایت دی۔اِن باتوںکا اِظہار سیکرٹری سیاحت نے متعلقہ محکموں کے اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا۔اُنہوں نے اَفسران کو گلمرگ اور سونہ مرگ میں آئس پارکوں کے قیام کی تجویز پیش کی جس کے لئے اُنہوں نے جموںوکشمیر کلچرل اکیڈیمی اور اِنسٹی چیوٹ آف میوزک اینڈ فائن آرٹس سری نگر کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے گلمرگ میں فوری ایک اِضافی سکی کرایہ پرلینے کی دکان کے قیام، سنو بیٹنگ مشینوں اور سکی لفٹوں کو چلانے کی ہدایت دی ۔ اِس کے لئے اُنہوں نے تمام ضروری اِقدامات کو پہلے سے اُٹھانے کی ہدایت دی۔سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے سرمائی مہینوں میں متوقع سیاحوں کے بھاری رَش کے پیش نظر سونہ مرگ اور دود ھ پتھری کو موسم سرما کے مقامات کے طور پر ترقی دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اِس سلسلے میں اُنہوں نے اِن مقامات پر کافی اَفرادی قوت، لاجسٹکس وغیرہ رکھ کر مختلف سکی کورسز شروع کرنے کے اِمکانات تلاش کرنے کی ہدایت بھی دی ۔اُنہوں نے ریزورٹ میں سرمائی کھیلوں کو متعارف کرنے کے لئے سونہ مرگ میں قدرتی آئس سکیٹنگ رِنک کے لئے سکی شاپ، سکی لفٹ کے قیام اور جگہ کی نشاندہی کرنے کی بھی ہدایت دی۔سیکرٹری سیاحت موصوف نے دودھ پتھری میں مختلف برفانی مقابلوں کے اِنعقاد اور اِس کے لئے لاجسٹکس تیار کرنے کی بھی تجویز دی۔اُنہوں نے سرمائی مہینوں میں غیر معروف سیاحتی مقامات پر فیسٹولوں کے اِنعقاد کرنے کے لئے بھی کہا۔اِس سے قبل ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے سیکرٹری سیاحت کوموسم سرماکے لئے محکمہ کی طرف سے تیار کئے گئے منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈی سی سیّد فخر الدین حامد، ایم ڈی جے اینڈ ے کیبل کار کارپوریشن محمد اکبر وانی ، دودھ پتھری ، سونہ مرگ اور گلمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹیوں کے سی اِی اوز ، ریکریشن اینڈ مین ٹیننس وِنگ کے ڈپٹی ڈائریکٹران ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرٹوراِزم گلمرگ اور دیگر اَفسران نے شرکت کی۔










