سری نگر//سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے آج یہاں سنگر مال سے ڈاون ٹائون سری نگر کے لئے بائیکرس کے ایک گروپ کو جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔ بحرین بائیکرس جوگروپ 18 بائیکروں پر مشتمل ہے کو ناظم سیاحت کشمیر فضل الحسیب، صدر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹریز ( کے سی سی آئی ) شیخ عاشق ، ممبر کے سی سی آئی شیخ فیروز اور ٹریول اینڈ ٹریڈ کے ممبران کی موجودگی میں روانہ کیا گیا۔سیکرٹری سیاحت نے اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے بحرین بائیکرس کی بائیک مہم کو کشمیر ٹوراِزم کے لئے ایک مثبت اِشارہ قرار دیا اوراُنہوں نے کہا کہ محکمہ اور شراکت دارطویل عرصے سے بہت کچھ کر رہے ہیں جس کے اَب زمینی نتائج سامنے آرہے ہیں۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مہم اِس طرح کی بہت سی دیگر سرگرمیوں کے دروازے کھول دے گی کیوں کہ کشمیر میں ایڈونچر ٹوراِزم کے لئے کافی صلاحیت ہے۔ اُنہوں نے بائیک مہم کے اِنعقاد پر بحرین بائیکرس اور کے سی سی آئی کا بھی شکر یہ اَدا کیا اور کہا کہ کے سی سی آئی اور بحرین سمال اینڈ میڈیم اَنٹرپرائز ز سوسائٹی ( بی ایس ایم اِی ایس ) کے درمیان ستمبر میں مفاہمت نامے پر دستخط کئے گئے اور اَب اس کے سود مند نتائج سامنے آرہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ سیاحت سے متعلق دیگر سرگرمیوں کا شاندار آغاز ہے اور کہا کہ کشمیر دُنیا کا بائیک کیپٹل بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بائیک مہم جیسی سرگرمیاں بیرونی دُنیا کو ایک مثبت پیغام دیں گی کیوں کہ باہر کے لوگ کشمیر کا دورہ کرنے کے بارے میں کچھ خاص تاثرات رکھتے ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’ کشمیر دُنیا کا بہترین ایڈونچر سیاحتی مقام بننے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ ہم اسے ایڈ ونچر ٹوراِزم کا مرکز بنانا چاہتے ہیں اور کشمیر کو ایڈونچر ٹوراِزم میں ایک خوابوں کی منزل بنائیں گے۔‘‘اِس موقعہ پر بحرین بائیکرس کے گروپ لیڈ ر علی انصاری نے کشمیر اور اس کے عوام کی مہمان نوازی او رسخاوت کی تعریف کی۔اُنہوں نے کہا کہ کشمیر میں جہا ں بھی وہ جاتے ہیں وہاں کے لوگوں سے انہیں بہت پیار ہی پیار ملتا ہے اور کشمیر میں بائیک چلانے کے اِس شاندار مہم کو سہولیت فراہم کرنے پر کے سی سی آئی کا شکر اَدا کیا۔بحرین بائیکرس کا کشمیر کا سفر لیہہ سے کشمیر تک شروع ہوا جہاں اُنہوں نے نوبرا، لیہہ ، کرگال ، سونہ مرگ ، پہلگام وغیرہ جیسے کئی مقامات کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر بحرین بائیکرس کی جانب سے بائیک مہم میں حصہ لینے والوں میں شرکت کے اَسناد بھی تقسیم کئے گئے۔










