سردی کے سخت تیور،وادی ، جموں کشمیرکے بیشتر علاقوں میں رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ

20نومبر تک موسم مجموعی طور پر خشک ،21نومبر کو ہلکی بارشوں اور برفباری کا امکان / محکمہ موسمیات

سرینگر / سی این آئی // د ن میں ہلکی دھوپ نکلنے اور رات کے دوران مطلع صاف رہنے کے نتیجے میں وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ اسی دوران شہر سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی 0.4، سیاحتی مقام پہلگام میں منفی 3.4اور شوپیان میں بھی رات کا درجہ حرارت منفی3.7ڈگری عبور کر گیا ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے 24گھنٹوں کے دوران موسم میں کوئی تبدیلی نہ آنے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے 19نومبر تک موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ 20نومبر کو کرگل اور وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے ۔ادھر جموں میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے اور گزشتہ شب رواں موسم کی سرد ترین ریکارڈ کی گئی ۔ سی این آئی کے مطابق وادی کشمیر اور صوبائی علاقے لہہہ اور کرگل میں چلہ کلان سے قبل ہی سردی کی شدید لہر نے پوری وادی کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور یخ بستہ ہوائوں کی وجہ سے شدید سردی کی لہر جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات کے حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رات کے دوران مطلع صاف رہنے اور دن میں ہلکی دھوپ نکلنے کے باعث وادی کشمیر میں سردی کی لہر جاری ہے جبکہ آنے والوں دنوں میں شبانہ سردیوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ کے مطابق درجہ حرارت میں کمی ہونے کے ساتھ ہی پوری وادی سخت ترین سردی کے لپیٹ میں آچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وادی کے ساتھ ساتھ لداخ خطہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے ۔محکمہ مومسیات کے مطابق گزشتہ شب شہرسرینگر میں رواں موسم کی سردترین رات گزری جس میں درجہ حرارت منفی 0.4ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات کے منفی 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پہلگام میں گزشتہ رات منفی 3.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شہر ہ آفاق گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 0.4ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں شوپیان علاقہ سب سے سر د ترین رہا جہاں رات کا درجہ حرارت منفی 3.7ڈگری درج کیا گیا ۔ گزشتہ شب وادی کے تمام علاقوں میں بشمول سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھی گئی ۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ وادی میںاگلے پانچ دنوں تک موسم خشک رہ سکتا ہے جبکہ 20نومبر کو کرگل اور وادی کے بالائی علاقوں جن میں سونہ مرگ ،افروٹ کی پہاڑیوں ، گلمرگ کے بالائی علاقوں اور پہلگام ، قاضی گنڈ اور شوپیاں کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان ہے جبکہ میدان علاقوںمیں ہلکی بوندا باندی ہوسکتی ہے جبکہ سردی میں مزید شدت آسکتی ہے ۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی بھر میں سخت ترین ٹھنڈ جاری رہی اور دن کے وقت بھی لوگوں کو آنے جانے میں سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ رات کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہونے کے بعد لوگ اضافی بسترے ، کمبل ، گرم ملبوسات اور روم ہیٹر و واٹر بوتل جیسی چیزیں خریدنے پر مجبور ہورہے ہیں اور متعلقہ دکاندار لوگوں کی مجبوری یا ضرورت کا خوب فائدہ اٹھارہے ہیں اور انہوں نے یکایک ان سبھی چیزوں کی قیمتوں میں من مانے طور اضافہ کر دیا ہے ۔