سرحد پار کرنے کی کوشش کامعاملہ،اوڑی میں ایک اور گائیڈ گرفتار

بارہمولہ //بارہمولہ پولیس نے دعویٰ کیاکہ سرحدپارجانے کی ایک اورکوشش کوناکام بناتے ہوئے اوڑی سیکٹر میں ایک اور گائیڈ گرفتارکیاگیا جبکہ 2جولائی کوتین نوجوانوں اورایک گائیڈ کوگرفتارکیاگیاتھا۔کشمیرنیوزسروس کے مطابق ایک پولیس بیان میں کہاگیاکہ اوڑی میں2جولائی کو3 مقامی نوجوان پرویز احمد حجام نامی گائیڈ کے پاس گوہالن سیکٹر کے راستے سرحد پار کرنے کی غرض سے پہنچے تھے۔۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اوڑی میں تین نوجوانوں کو ایک گائیڈ سمیت سرحد پار کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ پرویز احمد حجام ساکن گوہالن اوڑی نامی گائیڈ نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا تھا کہ محمد مجنون شیخ ولد اقلی شیخ ساکن بونیار نامی ایک اور گائیڈ بھی اس معاملے میں ملوث ہے۔مذکورہ ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے کارروائی کر کے دوسرے گائیڈ کو بھی گرفتار کر کے اس کی تحویل سے کچھ قابل اعتراض مواد برآمد کیا۔بیان میں کہا گیا تھا کہ نوجوانوں کی طرف سے سرحد پار کرنے کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا گیا تھا اور تینوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔گرفتار شدگان کی شناخت محمد شفیع حجام ولد عبدالاحد حجام، ریاض احمد بٹ ولد منظور احمد بٹ ساکنان شریری مرہر اور یاسر بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن چتلورہ سوپور کے بطور کی گئی تھی۔بیان میں کہا گیا تھا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے کچھ قابل اعتراض مواد بشمول تیز دھار والے چاقو، ٹارچ وغیرہ برآمد کی گئی تھی۔