drone

سرحد پار ڈرون کے ذریعے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام

سامبا سرحد پر اسلحہ کی کھیپ برآمد،گورکھا نگر میں مشتبہ ڈرون برآمد

سرینگر/// یو این ایس جموں و کشمیر کے ضلع سامبا میں بین الاقوامی سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے ایک ڈرون کے ذریعے پاکستان سے گرائی گئی اسلحہ کی کھیپ برآمد کر لی ہے۔ حکام کے مطابق یہ کھیپ ممکنہ طور پر سرحد پار سے دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے بھیجی گئی تھی۔برآمد ہونے والے اسلحے میں 2پستول، 3 میگزین، 16 راؤنڈ اور ایک دستی بم شامل ہے۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر پورے خطے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے تاکہ کسی بھی تخریبی کارروائی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق حکام کے مطابق بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کی اسپیشل آپریشنز گروپ نے جمعہ کی رات دیر گئے گگوال کے پالورا گاؤں میں سرچ آپریشن شروع کیا تھا، جس کی بنیاد سرحد پار سے ایک مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت سے متعلق اطلاع بنی۔تلاشی کے دوران ایک نالے کے کنارے سے زرد ٹیپ میں لپٹا ہوا ایک مشتبہ پیکٹ برآمد ہوا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے محفوظ طریقے سے کھولا گیا۔ پیکٹ کھولنے پر اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔حکام نے بتایا کہ آخری اطلاعات تک سرچ آپریشن جاری تھا اور پورے علاقے میں چوکسی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ سیکیورٹی ایجنسیاں اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہیں کہ آیا اس اسمگلنگ کے پیچھے کسی مقامی نیٹ ورک کا ہاتھ تو نہیں۔سیکیورٹی ماہرین کے مطابق ڈرون کے ذریعے اسلحہ کی اسمگلنگ کے واقعات میں اضافہ خطے کی سلامتی کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج بنتا جا رہا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے سرحدی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔یو این ایس کے مطابق اس دوران جموں کے علاقے گورکھا نگر میں ہفتے کو ہلچل مچ گئی جب مقامی افراد نے نالے کے کنارے ایک مشتبہ ڈرون جیسی شے دیکھی۔ یہ واقعہ پولیس اسٹیشن باغِ بہو کے حلقہ اختیار میں پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق، مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مشتبہ شے کو محفوظ کر کے قبضے میں لے لیا۔پولیس نے بتایا کہ شے کو تفصیلی جانچ کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے تاکہ اس کی نوعیت اور ماخذ کا تعین کیا جا سکے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔