سرینگر// سرحدوں پر ڈرونوں کے بڑھتے معاملات کے بیچ ہندوستان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان جن ڈرونوں کو بھارت کے خلاف استعمال کررہا ہے وہ چین سے PIZAڈیلوری کیلئے منگوائے گئے تھے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے مابین لگنے والی سرحدوں پر پاکستان کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے ہتھیار اور منشیات سمگل کئے جانے کے واقعات کے بیچ بھارت نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان جو ڈرون بھارت کے خلاف استعمال کررہا ہے وہ چین سے پیزا ڈیلوری کیلئے منگوائے گئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق چین سے جو ڈرون درآمد ہوئے تھے ان کو پاکستان اب اس پار ہتھیار پہنچانے کیلئے استعمال کررہا ہے جبکہ منشیات کی سمگلنگ کیلئے بھی ان ڈرونوں کو استعمال کیا جاتا ہے ۔ ادھر آج بھی سرحدی حفاظتی فورسز (بی ایس ایف) نے ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحدکے قریب ایک ڈرون کو دیکھا جس پر گولیاں برسائی گئیں جس کے بعد ڈرون واپس پاکستانی حدود میں چلا گیا ۔ یاد رہے کہ اب تک درجنوں ایسے واقعات رونماء ہوئے جن میں پاکستان کی طرف سے بھارتی حدود میں ڈرون آئے اور جب اُس جگہ کا معائینہ کیا گیا تو وہاں ہتھیار یا منشیات برآمد کی گئی ۔ ادھر جموں کے فوجی ائر بیس پر گزشتہ ماہ ایک ڈرون کے ذریعے بم دھماکہ کیا گیا تھا جسکے بعد یہ معاملہ بھارت نے بین الاقوامی فورموں پر اُٹھایا اور اس طرح کے واقعات کی مذمت کی جبکہ بھارت نے پاکستان کو دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ اگر اس طرح کی حرکات دوبارہ ہوئی تو بھارت کی طرف سے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔










