سرحدوں پر دراندازی کی کوششیں

سرحدوں پر دراندازی کی کوششیں

ناکام بنانے کیلئے ہند، پاک سرحد پر اضافی فوج تعینات

سرینگر// سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) نے جموں خطے میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے تمام حصوں پر گشت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے تاکہ شدید دھند اور سخت سردی کا فائدہ اٹھا کر دہشت گردوں اور منشیات اسمگلروں کی جانب سے ممکنہ دراندازی اور اسلحہ و منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔بی ایس ایف کے مطابق جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں پاک سرحد کے ساتھ ساتھ اضافی دستے تعینات کیے گئے ہیں، جو دن رات حساس مقامات، دریا کناروں، خالی جگہوں اور کمزور حصوں پر مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ سرحدی علاقوں میں جدید الیکٹرانک آلات بھی نصب کیے گئے ہیں جو کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت کو بروقت ٹریک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔بی ایس ایف کی خواتین اہلکار بھی سرحدی گشت میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں اور مرد اہلکاروں کے شانہ بشانہ ذمہ داریاں نبھا رہی ہیں۔ اہلکاروں نے بتایا کہ دھند اور شدید سرد موسم کے باوجود سرحدی نگرانی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جا رہی۔سرحد پر تعینات اہلکاروں نے صحافیوں کو بتایا،‘‘بین الاقوامی سرحد پر مکمل چوکسی برقرار ہے۔ اضافی فورس کی تعیناتی کا مقصد تمام خلا، کمزور علاقوں اور دریا برد حصوں کی موثر نگرانی ہے تاکہ کسی بھی دراندازی کی کوشش کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔’’اہلکاروں کا کہنا تھا کہ اگرچہ حالیہ عرصے میں جموں خطے میں کسی بڑی دراندازی کی کوشش کی اطلاع نہیں ملی، تاہم خفیہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کی جانب سرحد کے اْس پار دہشت گردوں کے کچھ گروہ موقع کی تلاش میں موجود ہیں، جو خاص طور پر سردیوں میں دھند کا سہارا لے کر دراندازی کی کوشش کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ آخری نمایاں دراندازی مارچ کے مہینے میں ضلع کٹھوعہ کے ہیرانگر سیکٹر میں رپورٹ ہوئی تھی، جہاں کئی روز تک جاری رہنے والی جھڑپ میں چار پولیس اہلکار شہید جبکہ دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔ذرائع کے مطابق سرحد پر نصب کیے گئے جدید آلات دھند کے باوجود نگرانی کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے پاکستان کی جانب مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ بی ایس ایف کے علاوہ بارڈر پولیس، اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور ولیج ڈیفنس گارڈز (وی ڈی جیز) بھی خاص طور پر رات کے وقت نگرانی کے عمل میں شامل ہیں۔ادھر حکام نے بتایا کہ مون سون کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث جموں، کٹھوعہ اور پنجاب کے بعض علاقوں میں سرحدی باڑ اور پوسٹوں کو نقصان پہنچا تھا، تاہم اب ان کی مرمت اور تعمیر نو مکمل کر لی گئی ہے۔بی ایس ایف کے مطابق سرحد پر موسمِ سرما کے پیش نظر خصوصی حکمت عملی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ پنجاب میں ڈرون کے ذریعے منشیات اور اسلحہ اسمگلنگ کی کئی کوششوں کو بی ایس ایف اور پنجاب پولیس نے ناکام بنایا ہے۔