نئی دہلی، 18 جون (آئی اے این ایس)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق بولنگ کوچ بھارت ارون نے محمد سراج کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز کو اپنے کیریئر کا اہم موڑ بنائیں اور جسپریت بْمراہ کے ساتھ مل کر ہندوستان کے فاسٹ بولنگ شعبہ کی قیادت کریں۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان یہ ہائی پروفائل سیریز 20 جون کو لیڈز میں شروع ہوگی۔ ارون نے کہا ہے کہ یہ سیریز بولروں کے لیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے اور سراج کے لیے موقع ہے کہ وہ خودکو سرفہرست فاسٹ بولرکے طور پر منوائیں، خاص طور پر ان لمحات میں جب بْمراہ کو آرام دیا جائے۔ ارون نے مزید کہا ہیکہ 2018 میں اگرچہ ٹیم فتح کے قریب پہنچی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ تاہم وہ دورہ ٹیم کے لیے تجربے کا خزانہ بن گیا، جس کا اثر بعد میں آسٹریلیا میں تاریخی فتح کی صورت میں ظاہر ہوا۔ 2021 میں انگلینڈ کے خلاف کامیاب کارکردگی کی بنیاد یہی سیکھ تھی۔ ارون نے محمد سراج کی حالیہ آئی پی ایل کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ان کا ردھم بہترین ہے، وہ اپنی غلطیوں سے سیکھ رہے ہیں اور مسلسل کھیل نے ان میں ذہانت پیدا کی ہے۔ وہ اپنی آرام دہ دائرے سے باہر نکل کر محنت کر رہے ہیں، یہی کامیابی کی کنجی ہے۔ ارون نے فاسٹ بولنگکے دیگر کھلاڑیوں پر بات کرتے ہوئے آرشدیپ سنگھ کو برتری دی۔ بائیں ہاتھ کا بولر ہونے کے ناطے اور گیند کو دونوں جانب سوئنگ کرنے کی صلاحیت کے باعث آرشدیپ کو میں پراسدھ پر فوقیت دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پراسدھ کی رفتار اور آئی پی ایل کا اعتماد مددگار ہوگا، لیکن انگلینڈ کے حالات میں فوری ڈھلنا اصل امتحان ہے۔ ارون نے مزید کہا کہ آرشدیپ کا کینٹ کاؤنٹی کے ساتھ انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ بھی بے حد مفید ہوگا۔ حالات کا تجربہ آپ کو بتاتا ہے کہ کب، کیا اورکیسے بولنگ کرنی ہے۔ انہوں نے انگلینڈ میں ڈیوک بال کے ساتھ بولنگ کو ایک چیلنج اور موقع قرار دیا۔ ڈیوک بال بولرزکے لیے سب سے بہتر ہے، لیکن کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ بولر یہ سمجھے کہ گیند ہل رہی ہو یا نہ ہل رہی ہو، کس لمبائی پر بولنگ کرنی ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا آغاز 20 جون کو سہ پہر 3:30 بجے ہوگا، جسے سونی، ٹین اسپورٹس ون اور ٹین اسپورٹس 5 چینلز پر براہ راست دیکھا جا سکتا ہے۔ (سیاست)ٌ
