ستیش شرما کی مرکزی وزیر مملکت نیموبینجایانتی بھائی بمبھانیا سے ملاقات

ستیش شرما کی مرکزی وزیر مملکت نیموبینجایانتی بھائی بمبھانیا سے ملاقات

غذائی تحفظ اور صارفین کی فلاح و بہبود کے اہم مسائل پر بات چیت کی

جموں//وزیر برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے آج جموں و کشمیر کے دورے پر آئی ہوئیں مرکزی وزیر مملکت برائے خوراک ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افئیرز نیموبین جایانتی بھائی بمبھانیا سے ملاقات کی ۔ اس بات چیت کے دوران وزیر شرما نے جموں و کشمیر کے عوام سے متعلق ، بالخصوص سرحدی پٹیوں ، سیلاب سے متاثرہ اور نچلے علاقوں میں رہنے والوں کیلئے فوری عوامی اہمیت کے متعدد مسائل اٹھائے اور ان کے حل کیلئے مرکزی حکومت کی مداخلت کی درخواست کی ۔ وزیر نے کمزور علاقوں میں مستقل فئیر پرائش شاپس ( ایف پی ایس ) اور سرکاری راشن ڈیپو کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ضروری اشیاء کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے غذائی تحفظ ، خاص طور پر پسماندہ کمیونٹیز کیلئے پی ڈی ایس کی ٹوکری میں باجرا ، دالیں اور خوردنی تیل شامل کرنے کی بھی وکالت کی ۔ بنیادی ڈجانچے کی ضروریات کو اجاگر کرتے ہوئے مسٹر شرما نے جدید گوداموں کی سہولیات کیلئے زور دیا جن میں درجہ حرارت کنٹرول ، کیڑوں کا انتظام اور خود کار اسٹوریج سسٹم ہوں ، ساتھ ہی ضلعی سطح پر سائنسی طور پر ڈیزائن کردہ آفت سے مزاحم اناج کے سائلوز کی ضرورت پر زور دیا تا کہ بفر سٹاک کی طویل مدتی حفاظت کی جا سکے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر بھر میں جدید غذائی اجناس لیبارٹریوں کے قیام کی بھی درخواست کی تا کہ تقسیم کئے جانے والے غذائی اشیاء کے معیار اور حفاظت کی نگرانی کی جا سکے ۔ حالیہ قدرتی آفات کے پیش نظر مسٹر شرما نے متاثرہ خاندانوں کیلئے اضافی اناج کی اپیل کی جس میں سیلاب سے متاثرہ باشندوں کیلئے فی شخص 5 کلو گرام اور بادل پھٹنے سے متاثرہ علاقوں میں فی شخص 10 کلو گرام اضافی کوٹہ تجویز کیا گیا جو موجودہ کوٹے سے زائد ہے ۔ مرکزی وزیر مملکت نے ریاستی وزیر کی طرف سے اٹھائے گئے تفصیلی مسائل کی قدر کی اور مرکز کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔