حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا
جموں//وزیر برائے اَمورِ نوجوان و کھیل کود، خوراک ، شہری رسدات اور اَمورِ صارفین اور ٹرانسپورٹ ستیش شرما نے آج جموں و کشمیر کی نوجوان خاتون سبرے فینسر چھوی شرما سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔چھوی شرما نے رواں برس جولائی میں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کیڈٹ اور جونیئر کامن ویلتھ فینسنگ چمپئن شپ میں سبرے گرلز ٹیم ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔اُنہوں نے منامہ بحرین، ورلڈ کیڈٹ اور جونیئر فینسنگ چمپئن شپ ریاض سعودی عرب میں منعقدہ ایشین کیڈٹ اور جونیئر فینسنگ چمپئن شپ میں بھی حصہ چکی ہیں اور قومی سطح کی فینسنگ چمپئن شپ میں کئی تمغے جیتے ہیں۔وزیر نے قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اُن کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور محکمہ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کیا یقین دِلایا۔ستیش شرما نے اُن کی شاندار کارکردگی پر اَمور نوجوان و کھیل کود محکمہ ، اُن کے والدین اور کوچ کی کوششوں کی بھی سراہنا کی۔وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کھلاڑیوں کو بہترین بنیادی ڈھانچے اور آلات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی مقابلوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔










