ستیش شرما کی عوامی وفود سے ملاقات

ستیش شرما کی عوامی وفود سے ملاقات

مؤثر عوامی خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ

جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ، ٹرانسپورٹ،اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے سول سیکرٹریٹ جموں میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی اور معاشرے کے مختلف طبقوں سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لئے تفصیلی بات چیت کی۔ دوران ملاقات وفود نے وزیر موصوف کی توجہ خوراک کی فراہمی، ٹرانسپورٹ خدمات، نوجوانوں کی فلاح و بہبود، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور اَپنے اپنے علاقوں سے متعلق دیگر ترقیاتی امور سے متعلق مطالبات اور شکایات کی جانب دِلائی۔ وزیر نے تمام مسائل کو بغور سنا اور یقین دِلایاکہ تمام جائز مسائل کو محکمانہ تال میل کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔وزیر ستیش شرما نے جوابدہ ، شفاف اور شہریوں پر مبنی حکمران کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر اور وقت پر مبنی خدمات کی فراہمی ایک کامیاب اِنتظامیہ کی بنیاد ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ہر سرکاری دفترکو عوام کو ترجیح دینے کے اَصول کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ رَسائی، جوابدہی اور شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے عوام تک فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے اور تاخیر کو ختم کرنے کے لئے محکموں کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ بروقت فالو اپ کریں، متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ باقاعدہ رابطے میں رہیں اور عوامی شکایات کو شفاف اور نتیجہ خیز انداز میں حل کریں۔
ستیش شرما نے مزید اَفسران کو نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی تاکہ مختلف سرکاری فلاحی سکیموں کے فوائد بغیر کسی دفتری رُکاوٹ کے مستحقین تک پہنچ سکیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی، آسان طریقۂ کار اور فعال رسائی اداروں میں عوامی اعتماد کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے۔اُنہوںنے اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر میں عوامی خدمات کے نظام کو مضبوط بنانے، اِنتظامی کارکردگی کو بہتر کرنے اور ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ عوام سے مسلسل رابطہ اور نچلی سطح سے حاصل ہونے والا فیڈ بیک حکومت کی پالیسیوں اور ترقیاتی ترجیحات کی رہنمائی کرتا رہے گا۔