ستیش شرما کا جموں میں ایف سی آئی گوداموں کا اَچانک دور ہ

ستیش شرما کا جموں میں ایف سی آئی گوداموں کا اَچانک دور ہ

جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود ، اے آر آئی اور ٹریننگ ستیش شرما نے آج جموں میں فوڈ کارپوریشن آف اِنڈیا (ایف سی آئی) کے گوداموں کا اچانک معائینہ کیا تاکہ غذائی اناج کے ذخیرہ کرنے، معیار اور تقسیم کے اِنتظامات کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران وزیر موصوف نے مختلف شیڈوں کا معائینہ کیا جہاں غذائی اناج ذخیرہ کیا جاتا ہے اور ایف سی آئی کی طرف سے برقرار رکھے گئے سٹاک کی حالت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ غذائی اجناس کی مناسب تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور یہ زور دیا کہ عوامی تقسیم کے نظام (پی ڈِی ایس) کے تحت صارفین کو صرف اعلیٰ معیار کا اناج ہی فراہم کیا جائے۔اُنہوںنے خریداری اور تقسیم سے متعلق سٹاک رجسٹر اور ریکارڈ کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہوں نے ایف سی آئی کے احاطے میں قائم کوالٹی ٹیسٹنگ لیبارٹری کا دورہ کر کے تازہ اور ذخیرہ شدہ غذائی اناج کی جانچ کے لئے اَپنائے جانے والے طریقۂ کار کا جائزہ لیا۔وزیر خوراک نے تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے وہاںموجود اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ کوالٹی کنٹرول کے اَصولوں کی سختی سے عمل کریں اور اِس بات کو یقینی بنائیںکہ ناقص یا غیر موزوں غذائی اناج عوام کو فراہم نہ کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ہر گھرانے کی خاطر غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔اُنہوںنے کہا، ’’حکومت کی اوّلین ترجیح لوگوںکو محفوظ، غذائیت سے بھرپور اور معیاری غذائی اناج فراہم کرنا ہے۔ ذخیرۂ اندوزی، ترسیل یا تقسیم میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘وزیر ستیش شرما نے مزید حکام کو ہدایت دی کہ نگرانی کے نظام کو مضبوط بنایا جائے اور ذخیرۂ گاہوں کا باقاعدہ معائینہ کیا جائے تاکہ خریداری سے لے کر تقسیم تک غذائی اناج کی سا لمیت برقرار رہے۔ معائینے کے دوران وزیر موصوف کے ہمراہ ایف سی آئی اور محکمہ خوراک، شہری رسدات و امورِ صارفین کے سینئر اَفسران بھی تھے۔