ستیش شرما کا ایف ٹی آئی آئی ٹریڈرس کنکلیو ۔2025 میں خطاب

ستیش شرما کا ایف ٹی آئی آئی ٹریڈرس کنکلیو ۔2025 میں خطاب

سری نگر// وزیر برائے خوراک، شہری رسدات و امور صارفین، اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے آج ایف ٹی آئی آئی ٹریڈرس کنکلیو۔ 2025 میں خطاب کرنے کے دوران مقامی تاجروں کو ڈیجیٹل طور پر بااِختیار بنانے اور نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔یہ کانفرنس فیڈریشن آف ٹریڈ اینڈ اِنڈسٹری آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی ) کی جانب سے شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی ) سری نگر میں ’’ ووکل فار لوکل‘‘کے عنوان کے تحت منعقد ہوئی جس کا مقصد مقامی تجارت اور کاروبار کو فروغ دینا تھا۔ اِس کانفرنس میں مرکزی وزیر برائے صنعت و حرفت پیوش گوئیل،چیئرمین نیشنل ٹریڈرس ویلفیئر بورڈسنیل سنگھی، ممبر راجیہ سبھا غلام علی کھٹانہ، کمشنر سیکرٹری صنعت وحرفت وِکرم جیت سنگھ اور دیگر اعلیٰ اَفسران نے بھی شرکت کی۔ستیش شرما نے کہا،’’تجارت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی اِختراعی صلاحیتوں کا امتزاج ایک خود انحصار اور خوشحال جموں و کشمیر کی بنیاد بن سکتا ہے۔ ہم اَپنے آئی ٹی اَقدامات کے ذریعے تجارتی عمل کو آسان اور صارف خدمات میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ اِس کے علاوہ ہم نوجوانوں کوملازمت کے متلاشیوں کے بجائے ملازمت و روزگار دینے والا بننے کی ترغیب دے رہے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین جدید آئی ٹی ٹولز کے ذریعے عوامی تقسیم نظام اور صارفین کی شکایات ازالے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے۔ بہتر ڈیجیٹل ڈھانچہ تاجروں اور صارفین دونوں کو یکساں طور پر بااِختیار بنانے کے قابل بنا رہا ہے۔وزیر موصوف نے نوجوانوں پر مبنی اِقتصادی کلچر پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے لئے کاروباری سیلز، سپورٹس اور یوتھ ویلفیئر پروگراموں کے تحت ہنر مندی کی تربیت اور ڈیجیٹل سکلنگ پلیٹ فارموں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔اُنہوں نے کہا ،’’ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سرحدی اضلاع اور تجارتی مراکز کو اِختراعی مراکز میں تبدیل کرنا ہوگا۔‘‘وزیر نے حکومت کی جانب سے صارفین کے حقوق کے تحفظ، ڈیجیٹل خدمات کی بہتری اور نوجوانوں کو کاروبار و کھیلوں کے شعبوں میں شامل کرنے کے عزم کو دہرایا۔ اُنہوں نے کشمیر میں کنکلیو کے اِنعقاد اور مقامی آوازوں کو قومی سطح پر پلیٹ فارم فراہم کرنے پرایف ٹی آئی آئی کو سراہا۔اِس موقعہ پر پالیسی سازوں، صنعت کاروں اور نوجوان کاروباریوں کے ساتھ اِستفساری سیشنز بھی منعقد ہوئے جن کے بعد نیٹ ورکنگ اور کاروباری روابط کے مواقع فراہم کئے گئے۔